قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر بیٹسمین اظہر علی کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ

انسانیت کی خدمت کے حوالے سے منہاج القرآن کا کردار قابل تقلید ہے‘قومی کرکٹراظہر علی

جمعرات 14 فروری 2019 17:17

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر بیٹسمین اظہر علی کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپنر بیٹسمین اظہر علی نے گزشتہ روز منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور خدمت قرآن و انسانیت کے حوالے سے عالمگیر کردار کی ادائیگی پر قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کو سراہا۔اظہر علی مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود میں بھی گئے اور وہاں کچھ وقت گزارا۔

قومی کرکٹ ہیرو نے ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز،مرکزی میڈیا سیل اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے دفاتر کا دورہ کیا۔مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول،حاجی محمد اسحق،عبد الحفیظ چوہدری نے پر تپاک استقبال کیا،ڈائریکٹر میڈیا نور اللہ صدیقی نے رہنمائوں کے ہمراہ قومی کرکٹ ہیرو اظہر علی کو ڈاکٹر محمدطاہر القادری کے تالیف کردہ 8جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلو پیڈیا کا سیٹ اور گوشہ درود کا ماڈل تحفے میں دیا۔

(جاری ہے)

مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر اظہر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز پوری دنیا میں قائم ہیںاور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں،یہ بات باعث مسرت ہے کہ منہاج القرآن کے پر امن پیغام کو دنیا بھر کی مسلم یوتھ بخوشی قبول کر رہی ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کی تحریروں اور تقریروں سے نئی نسل کو انتہا پسندانہ رجحانات سے بچانے میں مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ منہاج القرآن پاکستان میں اور پاکستان سے باہر بے مثال تنظیمی منصوبہ جات اور ویلفیئر پراجیکٹس چلا رہی ہے،انسانیت کی خدمت ہی اسلام کی اصل تعلیمات ہیں۔رہنمائوں نے اظہر علی کو 19فروری کو منہاج یونیورسٹی لاہور کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔