حکومت نے محکمہ جنگلات کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 423.939 ملین روپے مختص اور فراہم کئے ہیں،وزیر جنگلات آزاد کشمیر

موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 8 ہزار 153 ایکٹر رقبے پر 82 لاکھ 54 ہزارپودے لگائے جارہے ہیں،میڈیا شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کرے،سردار میر اکبر خان

جمعرات 14 فروری 2019 17:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) وزیر جنگلات وائلڈ لائف فشریز سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 8 ہزار 153 ایکٹر رقبے پر 82 لاکھ 54 ہزارپودے لگائے جارہے ہیں ، حکومت نے محکمہ جنگلات کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 423.939 ملین روپے مختص اور فراہم کئے ہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر شجر کاری موسم بہار کو مقبوضو کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت سے متاثرہ بچوں کے نام موسوم کیا گیا ، میڈیا شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کرے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سیکرٹری جنگلات ڈاکٹر محترمہ شہلا وقار پرنسپل ناظم اعلیٰ سردار عارف خان ، ناظم اعلی ترقیات ڈاکٹر راجہ اورنگزیب خان ،ناظم اعلی علاقائی خواجہ سجاد ، ناظم جنگلات مجتبی مغل ، ڈی ایف اوز منظور مقبول ، امتیاز اعوان ،راجا آصف مجید ، ملک اسد بھی موجود تھے ،وزیر جنگلات نے کہا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم ایک قومی مہم ہے اس کو کامیاب بنانے کے لئے دستیاب تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ، انھوں نے کہا کہ پاک فوج ، سرکاری محکمہ جات ، این جی اوز ، عوام الناس کے تعاون سے بھی شجر کاری مہم کامیاب بنائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران 20 ہزار ایکٹر رقبے پر سالانہ شجر کاری کرائی جا چکی ہے ۔جب کہ گزشتہ 5 سال میں اوسطاً 17 ہزار 3 سو ایکٹر رقبے پر شجر کاری کرائی جا چکی ہے ، انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران 5 لاکھ 59 ہزار پودے پاک آرمی ، عوام الناس ، این جی اوز ، سول سوسائٹی اور دیگر محکمہ جات میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں ، جبکہ تمام داخلی راستوں ، شاہرات پر خصوصی طور پر پودے لگائے جارہے ہیں ، سیاحتی مقامات بطور خاص ریسٹ اورگیسٹ ہائوسز کے سبزہ زار میں پودے لگوائے جارہے ہیں ، جملہ وزراء کرام ڈسٹرکٹ اور سب ڈویژن ہیڈ کوارٹرز پر پودے تنصیب کئے جارہے ہیں ، مقامی آبادی کو پودہ جات کی حفاظت کے بارہ میں آگاہی دی جارہی ہے ، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا گزشتہ عرصہ میں کی جانے والی شجر کاری کی باضابطہ طور پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ، چیف سیکرٹری آفس اور وزارت موسمیاتی تبدیلی حکومت پاکستان کی جانب سے مانیٹرنگ کرائی گئی اس کے مطابق سابقہ عرصہ میں ہونے والی شجر کاری 90 فیصد کامیاب رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی وزارت موسمیاتی تبدیلی آئندہ 5 سال پر مشتمل پاکستان بھر میں 10 بلین پودہ جات کی شجر کاری و شجر پروری کے لئے جامع پروگرام شروع کرنے جارہی ہے ، جس کے لئے ریاست آزاد کشمیر کی حد تک 70 کروڑ پودہ جات کی تنصیب و افزائش کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، وزیر جنگلات نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی ، ڈپٹی سپیکر،سینئر وزیر سمیت آزاد کشمیر کابینہ کے جملہ اراکین شجر کاری مہم کے سلسلے میں اپنے اپنے حلقہ جات میں پودے لگائیں گے ، تقریبات منعقد ہونگی ، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے 12 فروری کو نوسیری ڈیم کے مقام پر چنار کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کر چکے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگلات کا رقبہ ایک انچ بھی کم نہیں ہوا ، اس سلسلہ میں ہم نے جنگی بنیادوں پر ایکشن کئے ہیں ، جہاں پر جنگلات ہیں وہاں پر سڑکیں تعمیر نہیں کی جاسکتی ہیں کیونکہ اس سے سرسبز جنگلات ضائع ہو جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ جنگلوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے اسکیم مرتب کر کے منظور کرائی گئی ہے ۔