سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے آذر بائیجان کے سفیر کی ملاقات ، دوطر فہ تعلقات ،خطے کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ونوں برادر ممالک میں اقتصادی ،دفاعی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، سپیکر قومی اسمبلی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے علاقائی اور عالمی فورمز پر آذربائیجان کی طر ف سے مسئلہ کشمیر پرپاکستان کے موقف کی حمایت کو سر اہا

جمعرات 14 فروری 2019 17:38

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے آذر بائیجان کے سفیر کی ملاقات ، دوطر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطر فہ تعلقات ،خطے کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور آذربائیجان اخوت اور دوستی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ دونوں برادر ممالک میں اقتصادی ،دفاعی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

اسد قیصرنے کہاکہ پاکستان کی حکومت ملک میں توانائی کی قلت کے خاتمے کے لیے آذربائیجان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔اسد قیصرننے کہاکہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،سپیکر قومی اسمبلی نے علاقائی اور عالمی فورمز پر آذربائیجان کی طر ف سے مسئلہ کشمیر پرپاکستان کے موقف کی حمایت کو سر اہا۔ ملاقات میں سپیکر اسد قیصر نے آذربائیجان کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

علی علیزادہ نے کہاکہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔علی علیزادہن نے کہا کہ آذربائیجان کی قیادت دوطرفہ تجارت سمیت اقتصادی و سماجی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش مند ہے۔سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں سے باہمی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا ۔علی علیزادہ نے سپیکر اسد قیصر کو آذربائیجان کے سپیکر کی طرف سے آذربائیجان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دین۔