مقبوضہ کشمیر،دھماکے میں26بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

دھماکہ خیز مواد سے لدی کار بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی بس سے ٹکرا گئی دھماکے بعد سرینگر جموں ہائی وے پر ٹریفک معطل ، بھارتی فوج نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کر دی فوجی کیمپ میں ایک اور گارڈ نے ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے گولی مارکر خودکشی کر لی حریت رہنمائو ں کا کپواڑہ اور پلوامہ کے اضلاع میں پراسرار دھماکوں میں لڑکے کے قتل اور 28طلباء کے زخمی ہونے پر شدید تشویش کا اظہار سیدعلی گیلانی نے پے درپے دھماکوں کو جدوجہد آزادی کشمیر کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش قراردیا…… حریت کارکن گرفتار

جمعرات 14 فروری 2019 18:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں ایک بڑے واقعہ میں ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں سرینگر جموں ہائی وے پر ایک بم دھماکے میں کم سے کم 26بھارتی فوجی اہلکارہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے ہیں،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔جمعرات کو کشمیرمیڈیا سروس کے مطا بق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار کو بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروںکی بس سے ٹکرا دیا گیا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ ہوا۔

دھماکہ میں 26سی آر پی ایف اہلکارہلاک اورمتعدد شدید زخمی ہوگئے جنہیں بادامی باغ سرینگر میںبھارتی فوج کی 92بیس ہسپتال میں منتقل کردیاگیا ہے ۔ دھماکے بعد سرینگر جموں ہائی وے پر ٹریفک معطل ہو گئی ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج نے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے ۔سینئر حریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی اور حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کپواڑہ اور پلوامہ کے اضلاع میں پراسرار دھماکوں میں ایک لڑکے کے قتل اور 28طلباء کے زخمی ہونے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔

سیدعلی گیلانی نے پے درپے دھماکوں کو جدوجہد آزادی کشمیر کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش قراردیا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق اور حریت رہنماء مختار احمد وازہ زخمی طلباء کی عیادت کیلئے ایس ایم ایس ایچ ہسپتال سرینگر گئے ۔تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت اپنے آئین کی دفعات 35Aاور370کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے ذریعے مقبوضہ علاقے کی بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے پر تلا ہوا ہے۔

انہوںنے بھارتی سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ ان دفعات کے خلاف عرضداشتوں کو مسترد کردے۔بھارتی پولیس نے ممتاز حریت کارکن محمد اکرم نجار کو ضلع کپواڑہ میںہندواڑہ کے علاقے کرال گنڈ میں ایک چھاپے کے دوران گرفتار کرلیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء میر شاہد سلیم نے جموں میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لداخ کو ڈویژن کی حیثیت دینے کو متنازعہ جموںوکشمیر کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی ایک بڑی ساز ش کا حصہ قراردیا ہے۔

بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے جموں میں پاناما چوک کے قریب واقع ایک فوجی کیمپ میں گارڈ کی ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے گولی مارکر خودکشی کر لی، جس سے جنوری 2007سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 422ہو گئی ہے۔ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے رائے پور ایک تربیتی کورس میں شامل کشمیری طلباء پر ہندو انتہا پسندوں کے حملے میں کم سے کم چار طلباء زخمی ہو گئے ہیں ۔