مذہبی امور میں شعبہ تحقیق و مراجع کے نئے ڈی جی سید مشاہد حسین خالد نے چارج سنبھال لیا

پاکستان میں امامِ کعبہ کے مختلف دوروں کے موقع پر پروٹوکول اور ترجمانی کے فرائض سرانجام دئیے

جمعرات 14 فروری 2019 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) وزارتِ مذہبی امور میں شعبہ تحقیق و مراجع کے نئے ڈی جی سید مشاہد حسین خالد نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔علومِ اسلامیات میں ایم فل کرنے والے سید مشاہد حسین حافظ قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ درس نظامی اور دورہ حدیث کی اسناد بھی رکھتے ہیں۔ آپ نے 1993 میں وزارتِ مذہبی امور میں بطورِ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (قرآن )کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

آپ نی25 سال سے زائد عرصہ تک ملک بھر سے ناشرانِ قرآن کے بھیجے گئے قرآنی نسخوں کی تصحیح اور تصدیق کا کام سر انجام دیا۔ آپ نے پاکستان میں امامِ کعبہ کے مختلف دوروں کے موقع پر پروٹوکول اور ترجمانی کے فرائض سرانجام دئیے۔دورانِ حج مدینہ منورہ میں حجاجِ کرام کو مختلف خدمات اور سہولیات کی فراہمی میں بھی پیش پیش رہے۔

(جاری ہے)

آپ حج کے موقع پر وزارت کے ویزہ سیکشن کے انچارج بھی رہے اور سعودی سفارتخانے سے حج کے ویزوں کے اجراء کیلئے خدمات سر انجام دیں۔

ہر سال ماہ ربیع الاول میں وزارت کے زیر اہتمام سیرت النبی ؐ کانفرنسوں کے انعقاد میں بھی ان کا اہم کردار رہا۔ رمضان المبارک میں وزارت کے زیر انتظام محافلِ شبینہ میں میزبان اور سامع کے فرائض بھی عرصہ دراز سے سر انجام دے رہے ہیں۔ آپ رمضان المبارک کے موقع پر 44 بارمصلیٰ پڑھا چکے ہیں۔سید مشاہد حسین خالد کی بطورِ ڈی جی تعیناتی پر وزارت کیافسران اور ملازمین نے خوشی کا اظہار کیا اور خیال ظاہر کیا کہ ان کے دور میں وزارت کے شعبہ تحقیق و مراجع مزید ترقیوں اور کامیابیوں سے ہم کنار ہو گا۔

سید مشاہد حسین سمجھتے ہیں کہ قرآن کریم اور حجاجِ کرام کی خدمت کی بدولت انہیں یہ اعزاز ملا ہے جس پر وہ اپنے پروردگار اور اعلیٰ افسران کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے پیش رو سابق ڈی جی صاحبان کی طرح محنت، لگن اور ایک ٹیم ورک کیذریعے شعبہ تحقیق و مراجع کی کامیابیوں کو دوام بخشیں گے۔