پنجاب ،خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ

برفباری کے بعد آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں،بارشوں سے ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

جمعرات 14 فروری 2019 18:45

لاہور /پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) پنجاب ،خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ،برفباری کے بعد آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق صبح سویرے آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں نے باغوں کے شہر لاہور کا موسم دلفریب بنا دیا۔

شہر میں سیاہ بادلے چھانے سے اندھیرا چھا گیا ۔وقعے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے باعث نشیبوں علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ۔جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی سست روی کا شکار رہی۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی طرف سے نشیبی سڑکوں پر اضافی وارڈنز تعینات کیے گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ وارڈنز موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں،شہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہونا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے شہریوں کو مناسب حد رفتار اور فاصلہ رکھتے ہوئے محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں رم جھم اور کن من نے سردی کی شدت بڑھا دی، ساہیوال، فیصل آباد، بھکر، شیخوپورہ، پاکپتن، پنڈی بھٹیاں، میاں چنوں، حافظ آباد میں بارش کے ساتھ ہی ٹھنڈی اور تیز ہوائوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سانگلہ ہل شہر اور مضافات میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔

خانقاہ ڈوگراں، کاہنہ، میاں چنوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے لگیں۔موٹر وے پولیس نے کہاکہ قومی شاہرات پر بارش کی وجہ سے سیلپری ہے روڈ یوزرز احتیاط کر یں اور روڈ یوزرز مناسب رفتار سے گاڑی چلائیں ، تیز رفتاری سیپر ہیز کریں۔ترجمانکے مطابق شہری اپنی گاڑیوں کے یوائپر درست رکھیں اور بو وقت ضرورت استعمال کریں، شہری موٹروے پولیس ہیلپ 130،ہم سفر ایپ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایبٹ آباد، مانسہرہ، مری، پشاور، مردان اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا میں 53ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، چترال، سوات، کالام، ناران میں برفباری جاری رہی۔ بارشوں سے ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔آزاد کشمیر، وادی نیلم اور لیپہ میں رابطہ سڑکیں بند ہیں، زیارت اور کوئٹہ سمیت صوبے کے اکثرعلاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔

سب سے زیادہ سردی بگروٹ اور گوپس میں پڑی جہاں پارہ منفی 05تک جاپہنچا، زیارت میں منفی 7، قلات منفی 3، سکردو، مالم جبہ، ہنزہ منفی 04، کالام منفی03، استور، پاراچنار منفی 02 جبکہ اسلام آباد 09، کوئٹہ 06لاہور 09، پشاور 11اور کراچی میں 18ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔