مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سینیٹر مشاہد اللہ نے این آر او کی پیشکش کا اعتراف کر لیا

نواز شریف کو متعدد موقعوں پر این آر او دینے کی کوشش کی گئی تاہم نواز شریف نے آفر قبول کرنے سے انکار کر دیا،مشاہد اللہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 14 فروری 2019 23:33

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سینیٹر مشاہد اللہ نے این آر او کی پیشکش کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 فروری2019ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سینیٹر مشاہد اللہ نے اعتراف کر لیا ہے کہ نواز شریف کو متعدد بار این آر او دینے کی کوشش کی گئ ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گرد جب سے گھیرا تنگ ہوا ہے تب سے ہی این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔جس وقت بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو این آر او کی خبریں مزید زور پکڑ گئیں ۔

وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سزا معطلی کے بعد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی رہائی نے این آر او کے تاثر کو مزید تقویت دی ۔تاہم اس حوالے سے حکومت بھی بارہا اس بات کو دہراتی رہی ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کے لیے این آر او چاہتی ہے لیکن ہم کسی قسم کی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے ہمیشہ ہی ڈیل کی خبروں کی تردید کی ہے۔

تاہم ایک مرتبہ پھر این آر او کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔تاہم اس مرتبہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کی جانب سے اعتراف کیا جا چکا ہے کہ نواز شریف کو این آر او دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،سینٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی۔انکا کہنا تھا کہ این آر او دینے کی کوشش ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار کی گئی۔

نواز شریف کو وزارت اعظمیٰ کے جانے سے پہلے بھی آفر کی گئی۔وزارت اعظمیٰ کے جانے کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا ۔اسکے علاوہ انکا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس اور ڈان لیکس کے موقع پر بھی نواز شریف کو پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے این آر او لینے سے انکار کر دیا۔انکا کہنا تھا کہ این آر او کی پیشکش کس کی جانب سے کی گئی اس شخص کا نام نہیں بتا سکتا ۔