کچھ دنوں میں پورا شریف خاندان ملک سے باہر ہو گا

شریف خاندان کا این آر ہو چکا ہے، شہباز شریف کے بعد نواز شریف کو بھی ضمانت پر رہائی مل جائے گی اور مریم نواز بھی بیرون ملک چلی جائیں گی۔ پی پی رہنما کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 15 فروری 2019 10:37

کچھ دنوں میں پورا شریف خاندان ملک سے باہر ہو گا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف خاندان کا این آر او ہو چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گرد جب سے گھیرا تنگ ہوا ہے تب سے ہی این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔جس وقت بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو این آر او کی خبریں مزید زور پکڑ گئیں ۔

وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سزا معطلی کے بعد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی نے این آر او کے تاثر کو مزید تقویت دی ۔تاہم اس حوالے سے حکومت بھی بارہا اس بات کو دہراتی رہی ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کے لیے این آر او چاہتی ہے لیکن ہم کسی قسم کی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہیں۔ لیکن گذشتہ روز شہباز شریف کو ضمانت پر رہائی ملی تو ایک بار پھر ا س متعلق قیاس آرائیاں کی جا نے لگیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیل ہو چکی ہے، حکومت روک سکتی ہے تو روک لےنواز شریف ملک سے باہر چلے جائیں گے اور یہ روتے رہ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بعد نواز شریف کی ضمانت بھی منظور ہو جائے گی، مریم نواز بھی بیرون ملک چلی جائیں گی۔جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت کی منظوری پر کہا کہ نیب کو معافی مانگنی چاہئیے کہ انہوں نے گرفتار کر لیا لیکن کرپشن کے ثبوت نہیں تھے۔

جب کہ دوسری طرف مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کی جانب سے اعتراف کیا جا چکا ہے کہ نواز شریف کو این آر او دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،سینٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو این آر او دینے کی کوشش کی گئی۔انکا کہنا تھا کہ این آر او دینے کی کوشش ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار کی گئی۔ نواز شریف کو وزارت اعظمیٰ کے جانے سے پہلے بھی آفر کی گئی۔وزارت اعظمیٰ کے جانے کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا ۔اسکے علاوہ انکا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس اور ڈان لیکس کے موقع پر بھی نواز شریف کو پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے این آر او لینے سے انکار کر دیا۔انکا کہنا تھا کہ این آر او کی پیشکش کس کی جانب سے کی گئی اس شخص کا نام نہیں بتا سکتا ۔