بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیرکے چھوٹے سے خطے میں فوج کشی کر رکھی ہے‘شاہ غلام قادر

نہتے عوام پر مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے ان سنگین جرائم کی موجودگی میں کشمیری باشندے بھارتی افواج کو پُھولوں کے ہار نہیں پہنا سکتے‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

جمعہ 15 فروری 2019 12:52

بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیرکے چھوٹے سے خطے میں فوج کشی کر رکھی ہے‘شاہ ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکرشاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیرکے چھوٹے سے خطے میں فوج کشی کر رکھی ہے۔ نہتے عوام پر مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے۔ان سنگین جرائم کی موجودگی میں کشمیری باشندے بھارتی افواج کو پُھولوں کے ہار نہیں پہنا سکتے۔ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے۔

اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرکے کشمیری عوام کو آزادی کا حق دلائیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نہتے عوام پر بھارتی افواج کی جانب سے روزانہ ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ سپیکراسمبلی نے کہا کہ چھوٹے سے خطے میں 8لاکھ افواج کی تعیناتی کی مثال دُنیا میں کہیں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

بھارت کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر سے جلد از جلد اپنی افواج واپس بلائے۔

اُنہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چُکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے ہی ایک شہری عادل ڈار نے بھارتی مظالم سے تنگ آ کر26بھارتی فوجیوں کو واصل جہنم کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کے بیانات حقائق سے مُنہ چھپانے کے مترادف ہیںجن میں وہ پاکستان کے خلاف بلا جواز الزامات داغ دیتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ مظالم کی انتہا ہو چُکی ہے ، زیادہ دیر تک ظُلم باقی نہیں رہ سکتا۔ سپیکر اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ بھارت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے تاکہ عالمی برادری حقائق معلوم کر سکے۔ ظُلم پھر ظُلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ آزادی کے حصول تک کشمیری عوام اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔