اشرف صحرائی کی طرف سے دھماکے میں زخمی کشمیری طلباء سے ہمدردی کااظہار

حریت رہنماء یوسف فلاحی کو عدالتی احکامات کے باوجود رہا نہ کرنے کی شدید مذمت

جمعہ 15 فروری 2019 15:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے پلوامہ کے علاقے سنگو نارہ بل میں ایک ٹیوشن سینٹر پر پراسرار دھماکے میں 28کشمیری طلباء کے زخمی ہونے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ٹیوشن سینٹر پر دھماکہ انسانیت دشمنی کی بدترین کارروائی ہے۔

انہوںنے زخمی طلباء کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی۔ اشرف صحرائی کی ہدایت پر تحریک حریت کا ایک وفد دھماکے میںزخمی طلباء کی عیادت کیلئے مختلف ہسپتالوں میںگیا ۔

(جاری ہے)

ادھر اشرف صحرائی نے ایک بیان میں عدالت کی طرف سے حریت رہنماء محمد یوسف فلاحی کی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قراردینے اور رہائی کے احکامات کے باجود انہیں شوپیاں پولیس اسٹیشن میں حبس بے جا میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یوسف فلاحی کو 2016کے عوامی انتفادہ کے دوران کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے جموں کی کٹھوعہ جیل میں نظربندکردیا گیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ محمد یوسف فلاحی ڈھائی سال سے غیر قانونی طورپر نظربند ہیں اورانکی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے ان پر بار بار کالاقانو ن پی ایس اے لاگو کیا جارہا ہے اور انہیں مختلف جیلوں میں منتقل کیاجارہا ہے ۔ اشرف صحرائی نے کہا کہ محمد یوسف فلاحی کو مسلسل نظر بند رکھ کر انہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیلوں میں نظربند کیا جاتا ہے اور رہائی کے عدالتی احکامات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے نظربندوں کے انسانی حقوق کو پامال کیاجاتا ہے ۔ انہوںنے تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ تحریک حریت کے سیکریٹری ضلع سرینگر معراج الدین ربانی نے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا تھا کے گھر جاکر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

تحریک حریت کے جنرل سیکریٹری امیر حمزہ شاہ کی قیادت میں ایک وفد نے کولگام کے علاقے کیلم میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان محمد ادریش کے گھر آرونی جاکر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے ۔