گیس کی نئی قیمت اور بحران نے عوام کو پریشان کر دیا ہے،آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن

جمعہ 15 فروری 2019 16:33

گیس کی نئی قیمت اور بحران نے عوام کو پریشان کر دیا ہے،آل پاکستان سی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین بریگیڈئیر (ر)افتخار احمد نے کہا ہے کہ گیس کی نئی قیمتوں اور مسلسل بحران نے عوام اور کاروباری برادری کو پریشان کر دیا ہے۔گیس جیسے اہم شعبے کی سمت متعین نہیں ہو رہی ہے جس کے نتیجہ میں ملک کو بار بار بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ اور معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ لاکھوںافراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

برگیڈئیر افتخار احمدنے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اگر گیس کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا تو گیس کے بحران میں مزید شدت آئے گی۔انھوں نے کہا کہ کچھ مخصوص لابیوں کے فائدے کے لئے سی این جی شعبہ سے مسلسل زیادتی کی جا رہی ہے۔ ملک میں گیس کا بحران با اثر آئل مافیا کے مفاد میں ہے ۔ سی این جی سیکٹر کو ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے جسکی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی این جی چار سو پچاس ارب روپے کی صنعت ہے جو سب سے مہنگی گیس خریدتا ہے اورایڈوانس ادائیگی کرتا ہے مگر اسکے باوجود اسے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ موسم سرما میں عوام کو گیس کے بحران میں مبتلاء کرنے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت کاروائی کی جائے۔