پلوامہ حملہ، پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر نئی دہلی طلب

پلوامہ حملے کے بعد بھارت کا بغیر تفتیش پاکستان پر الزام، مودی سرکار نے بھارتی ہائی کمشنر کو بھی مشاورت کیلئے واپس بلا لیا، بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ آج رات نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ سفارتی ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 فروری 2019 16:39

پلوامہ حملہ، پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر نئی دہلی طلب
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 فروری 2019ء) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں قابض بھارتی فوجی قافلے پر حملے کے بعد بھارت نے بغیر تفتیش ہی پاکستان پر الزام عائد کردیا ہے، مودی سرکار نے پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کومشاورت کیلئے واپس بلا لیا ہے، بھارتی ہائی کمشنر آج رات نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پلواما میں بھارتی فوج کے قافلے پر خود کش حملہ ہوا ہے۔

بھارت نے بغیر تفتیش ہی پاکستان پر الزام عائد کردیا ہے۔ جس پر پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کو طلب کرکے جواب دہی بھی کی ہے۔ تاہم پاکستان باقاعدہ اپنا مئوقف بھی جاری کرے گا۔ بھارتی حکومت نے پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔ اجے بساریہ کو پلواما حملے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کیلئے بلایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ہائی کمشنر آج رات نئی دہلی روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب پلواما حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیونافذ کردیا گیا ہے۔ کرفیوکے باوجود انتہاء پسند ہندوؤں نے گجر نگر میں جلاؤ گھیراؤ کیا۔ انتہاء پسندوں نے مسلمانوں کی متعدد گاڑیاں بھی جلا دیں۔ بتایا گیا ہے کہ مسلمانوں کی 80 گاڑیاں تباہ کردیں اور 8نذر آتش کردی گئی ہیں۔ جبکہ جلاؤ گھیراؤمیں 12افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ اسی طرح نئی دہلی میں بھی پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔

انتہا پسند ہندوؤں نے پاکستان ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیا ہے۔ واضح ہے مقبوضہ کشمیرمیں ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں سرینگر جموں ہائی وے پر ایک بم دھماکے میں کم سے کم44 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جمعرات کو کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار کو بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کی بس سے ٹکرا دیا گیا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ ہوا۔ دھماکہ میں44 سی آر پی ایف اہلکار ہلاک اورمتعدد شدید زخمی ہوگئے جنہیں بادامی باغ سرینگر میںبھارتی فوج کی 92 بیس ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔