سندھ مدرسہ یونیورسٹی کو جامعہ کادرجہ دیئے جانے کا ساتواں یوم تاسیس کل منایا جائے گا

جمعہ 15 فروری 2019 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) سندھ مدرسہ یونیورسٹی کو جامعہ کادرجہ دیئے جانے کا ساتواں یوم تاسیس کل منایا جائے گا۔22دسمبر 2011 کو سندھ اسمبلی سے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا ایکٹ منظور کیا گیاتھا جس کے بعد گورنر سندھ نے اس ادارے کو جامعہ کا چارٹر تفویض کیا۔ گذشتہ سات برسوں میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا ملک کی ممتاز جامعات میں شمار ہونے لگا ہے۔

سٹی کیمپس کے علاوہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے ملیر میںواقع ایجوکیشن سٹی میں ایک سو ایکڑ زمین بھی حاصل کی ہے۔ جہاں پر ملیر کیمپس کیلئے تعمیرات کا کام بھی جاری ہے۔جبکہ ہاکس بے پر بھی زمین سندھ حکومت سے حاصل کی گئی ہے۔مین کیمپس کے قریب ایک بہت بڑے پلاٹ کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا تھا اس پر بھی ابھی دو جدید ٹاورز کی تعمیر شروع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اس ادارے کی معیاری تعلیم اور اور طالبعلموں کو مستقبل کا لیڈر بنانے پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ اس وقت جامعہ میں پانچ شعبہ جات ہیں۔ جبکہ طالبعلموں کو بیرون ملک اور پاکستان میں مطالعتی دورے بھی کرائے جاتے ہیں۔ایس ایم آئی یو میںبیرون ملک اور ملک کی اعلیٰ جامعات سے پی ایچ ڈی اساتذہ اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔

یونیورسٹی اپنا ٹی وی اسٹوڈیو اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشن بھی ہے۔ جہاں پر ذرائع ابلاغ کے طالبعلموں کو دور جدید کے تقضائوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طالبعلموں کی تربیت کی جاتی ہے۔سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں بغیر کیس قومیت اور علاقائی تفریق کے پورے پاکستان کے طالبعلموں کو میرٹ پر تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔یہاں پر مستند طالبعلموں کو اسکالرشپس بھی فراہم کی جاتی ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ اس حوالے سے ہر وقت کوشاں ہیںتاکہ معاشی مسائل کی وجہ سے کسی بھی طالبعلم کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔