وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا امپیکٹ فیکٹر ریسرچ کرنے والے طلبہ کو سکالرشپس دینے اور فیس معافی کا اعلان

جمعہ 15 فروری 2019 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر نے فیکلٹی آف لائف سائنسز کے بیچلر لیول کے طلبائو طالبات کو امپیکٹ فیکٹر جرائد میں ایک تحقیقی مقالہ شائع کرانے پر ٹیوشن فیس میں معافی جبکہ دو امپیکٹ فیکٹر تحقیقی مقالہ جات رکھنے والے سٹوڈنٹ کو بغیر فیس کے ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

وہ پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف لائف سائنسز کے اساتذہ اور طلبہ سے فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فردوس بریں، پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حسنین، پروفیسر ڈاکٹر وحید اختر، پروفیسر ڈاکٹر اے آر شکوری سمیت سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر نے ایمپیکٹ فیکٹر جرائد میں مقالہ شائع کرانے والے طلبہ کوسکالرشپس دینے اور سب سے بہترین ایمپیکٹ فیکٹر جرائد میں تحقیقی مقالہ شائع کرانے وا لے کیلئے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ایسی تحقیق کو فروغ دیں جو ملک کی خوشحالی کیلئے سماجی و اقتصادی اثرات رکھتی ہو۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایسے پراجیکٹس کی ہر سطح پرسپورٹ کرنے کیلئے مالی و دیگر وسائل فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ کو بہتر بنانے اور ملکی ترقی کیلئے کی گئی ریسرچ کیلئے محققین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیاایک گلوبل ویلج بن چکی ہے تاہم بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کرنے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر فردوس بریں نے کہا کہ فیکلٹی آف لائف سائنسز نے گزشتہ سال تین پیٹنٹ رجسٹرڈ کرائے جبکہ گزشتہ برس ایمپکٹ فیکٹر جرائد میں 432تحقیقی مقالے شائع ہوئے جن میں سے 413تحقیقی مقالہ جات کا امپیکٹ فیکٹر 200پوائنٹس سے زائد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 108ریسرچ پراجیکٹس پر کام کیا گیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر نیا زاحمد اختر کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی طرف سے کئے گئے اعلانات سے طلبہ کو اپنے شعبوں میںمزید لگن سے تحقیقی کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔