چیئرمین نیب 3 رکنی ٹیم کے ساتھ خود پیرس جائیں، فرسٹ کلاس ٹکٹ دیں گے‘ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

چیئرمین نیب صرف ریکارڈ کے مطابق اس جائیداد کی نشاندہی کر دیں ہم پلی بارگیننگ کر کے ساری جائیداد ان کے حوالے کر دیں گے تاکہ وہ اپنا خسارہ پورا کر سکیں

جمعہ 15 فروری 2019 17:51

چیئرمین نیب 3 رکنی ٹیم کے ساتھ خود پیرس جائیں، فرسٹ کلاس ٹکٹ دیں گے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نیب کے حوالے سے ٹی وی اور اخبارات میں خبر آئی ہے کہ چودھری برادران کی پیرس میں جائیداد کا ریکارڈ مل گیا ہے، اس پر انہوں نے چیئرمین نیب کو آفر کی ہے کہ وہ اپنی 3 رکنی ٹیم کے ساتھ خود پیرس جائیں اور اس معاملہ کی تحقیقات کریں، ہم ان کو فرسٹ کلاس ٹکٹ دیں گے جبکہ ان کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کا سارا انتظام گجرات کے عوام برداشت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں 65 فیصد لوگوں کا تعلق گجرات سے ہے جو بیرون ملک مقیم ہیں، میں ان سے کہوں گا کہ وہ چیئرمین نیب اور ان کی ٹیم کو پیرس کی اچھے طریقے سے سیرا کروائیں، وہ صرف ریکارڈ کے مطابق اس جائیداد کی نشاندہی کر دیں ہو سکتا ہے کہ ہم پلی بارگیننگ کر کے ساری جائیداد ان کے حوالے کر دیں تاکہ وہ اپنا خسارہ پورا کر سکیں۔