چونیاں کے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کمیونٹی سنٹر چونیاں کی تزئین وآرائش کی جائے گی‘صاحبزادی وسیمہ عمر

انتظامی اور مالی امور چلانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم ، ضلعی سطحی پر سپروائزری کمیٹی ہر تین ماہ بعد سنٹر کے امور کا جائزہ لے گی‘ڈپٹی کمشنر قصور

جمعہ 15 فروری 2019 17:54

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) چونیاں کے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کمیونٹی سنٹر چونیاں کی تزئین وآرائش کی جائے گی، انتظامی اور مالی امور چلانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم ، ضلعی سطحی پر سپروائزری کمیٹی ہر تین ماہ بعد سنٹر کے امور کا جائزہ لے گی، یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا شہزاد احمد ، اے سی چونیاں شبیر احمد ڈوگر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اقبال گورائیہ ، انسپکٹر سکیورٹی محمد فیاض و دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹی سنٹر کو سرکاری و پرائیویٹ تقریبات کیلئے پرکشش بنانے کیلئے سنٹر تزئین وآرائش کیساتھ نئے فرنیچر کی فراہمی، بہتر کوالٹی لائٹس ، سنٹر سے ملحقہ جگہ پرفوارہ نصب کیا جائے گا اسی طرح سپورٹس سرگرمیوں کیلئے بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیونٹی سنٹر کے اکائونٹ میں موجود فنڈز کے استعمال کیساتھ کمیٹی ممبران کے تعاون سے بھی فنڈز اکٹھے کئے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ کمیونٹی سنٹر چونیاں ، تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے شہریوں کیلئے نہایت اہم مرکز ہے ، ضلعی انتظامیہ سنٹر کو فعال بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گی، عوام الناس سے سنٹر کی انتظامی کمیٹی کے ممبران کے انتخاب کا مقصد ادارے کے تمام امور میں شفافیت اور شہریوں کو فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :