تبدیلی کا سونامی پشاور کو کربلا بنانے کے درپے ہے، ثمر ہارون بلور

کنکشنز کے خلاف آپریشن مسئلے کا حل نہیں ،پانی کے بھاری بھر کم بلوں میں کمی جائے، دھونس اور دھمکی کی سرکار نہیں چل سکتی ، پینے کا پانی بند کرنا حکمرانوں کو مہنگا پڑے گا

جمعہ 15 فروری 2019 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے پشاور میں پانی کنکشن کے خلاف گرینڈ آپریشن کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز مرہ اشیا عوام کی دسترس سے باہر کر دی گئی ہیں اور اب پانی بھی عوام پر بند کر کے شہر کو کربلا میں تبدیل کر دیا جائے گا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے مختلف اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھونس اور دھمکی کی سرکار نہیں چل سکتی ،تبدیلی کے سونامی میں پشاور کے باسیوں کو پینے کے پانی سے محروم کرنا حکمرانوں کو مہنگا پڑے گا، حکومتوں کا کام عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے خیبر پختونخوا میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے اور عوام پر بنیادی ضروریات اور اشیائے صرف کے دروازے بند کئے جارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پانی کنکشنز کے خلاف جس ادارے کو متحرک کیا گیا ہے وہ بذات خود نا اہلی کی انتہا پر ہے جہاں میرٹ کی بجائے اقربا پروری کو مد نظر رکھتے ہوئے بھرتیاں کی گئی ہیں ، ثمر بلور نے پانی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پانی کا شعبہ نجی سیکٹر کے حوالہ کرنے کی وجہ سے پانی کی قیمتوں میں 100سی150فیصد تک اضافہ کر دیا گیا جو غریب عوام کیلئے درد سر بن چکا ہے اور لوگ پانی کے حصول کیلئے ہر حربہ استعمال کرنے پر مجبور ہوئے ، انہوں نے کنکشن کاٹنے کی بجائے پانی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک میں جاری سول آمریت عوام کو بغاوت اور سول نافرمانی پر مجبور کر دے گی۔