پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث پنجاب کاچار ضلعوں میں 18 فروری سے خصوصی مہم چلانے کا اعلان

جمعہ 15 فروری 2019 18:49

پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث پنجاب کاچار ضلعوں میں 18 فروری سے خصوصی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) لاہور میں سال کے پہلے پولیو کیس اور صوبے کے بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے بعد پنجاب نے چار ضلعوں میں 18 فروری سے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں ڈائیریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد نے ایک میٹنگ چیئر کی اور شرکاء کو بتایا کہ پنجاب میں پولیو کیس دو سال بعد سامنے آیا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔

اس سے پہلے 2017میں لودھراں میں ایک بچہ پولیو سے معزور ہوا تھا۔ اس لیئے محکمہ صحت نے لاہور ضلع میں انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم میں لاہور کے ساتھ منسلک شیخوپورہ کی چند یونین کونسلیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ جبکہ راولپنڈی اور فیصل آباد جہاں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے وہاں کی مخصوص یونین کونسلوں میں پولیو مہم چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

میٹنگ سے خطاب کرتے انھوں نے انسداد پولیو پارٹنرز اور ہیلتھ اتھارٹی کے افسران کو ہدایات دی کی کہ ایسے ضلعے جہاں حفاظتی ٹیکہ جات کا تناسب کم ہے وہاں اس کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور میں کیس سے ہمیں سیکھنا چاہیئے جو ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ انسداد پولیو اس وقت تک ممکن نہیں جب تک والدین اپنے بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کو ممکن نہیں بناتے اور اپنی ذمہ داری پورا نہیں کرتے۔

میٹنگ میںلاہور کے چیف ایگزیگٹو آفیسر ہیلتھ اور انسداد پولیو پارٹنرز نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منیر نے کہا ہمیں غریب ترین بچوں کو قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ایسے بچے جو اپنے خاندانوں کے ساتھ متحرک ہیں وہ بھی ہماری توجہ کے مستحق ہیں کیونکہ وہ ایسی جگہوں پر رہتے ہیں جہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ پولیو مہم کی تیاریوں سے متعلق انھوں نے بتایا کی چار ضلعوں میں بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے کے لئے آٹھ ہزار پانچ سو سے زاید ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو 34لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گی۔