Live Updates

شائقین پی ایس ایل فور کو کامیاب بنانے کیلئے سٹیڈیمز کا رخ کریں، وسیم اکرم کی درخواست

ایسے ایونٹ کے انعقاد میں شدید محنت صرف ہوتی ہے ،ایک معمولی ملازم سے لیکر پی سی بی چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے تمام ذمے داران تک ہر فرد تعریف کا مستحق ہے لیکن اس کو کامیاب بنانے میں صرف شائقین ہی کردار ادا کر سکتے ہیں، بیان

جمعہ 15 فروری 2019 19:34

شائقین پی ایس ایل فور کو کامیاب بنانے کیلئے سٹیڈیمز کا رخ کریں، وسیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے پاکستانی شائقین سے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کو کامیاب بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں۔پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے صدر کی خدمات انجام دینے والے وسیم اکرم نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی شائقین سے درخواست کی کہ وہ لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے بڑی تعداد میں میچز دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اور ہر پاکستانی کی لیگ ہے، پاکستان نے یہ لیگ اپنے شائقین کیلئے بنائی ہے، لیگ میں شامل تمام چھ ٹیموں کے مالکان پاکستانی ہیں۔سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ آپ چاہے میچز دیکھنے کیلئے دبئی، شارجہ یا ابوظہبی کے سٹیڈیم آئیں یا پاکستان آئیں ،چاہے ٹیلی ویژن پر میچ دیکھیں، بس اس لیگ سے لطف اندوز ہوں۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد میں شدید محنت صرف ہوتی ہے لہٰذا ایک معمولی ملازم سے لے کر پی سی بی چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے تمام ذمے داران تک ہر فرد تعریف کا مستحق ہے لیکن اس کو کامیاب بنانے میں صرف شائقین ہی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لوگ پاکستان میں ہونے والے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے اور جلد وہ دن آئیگا جب پوری لیگ پاکستان میں منعقد ہو گی۔کراچی کنگز کے صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سیزن میں ان کی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور آخری گیند تک لڑیگی۔وسیم اکرم نے کھلاڑیوں سے بہتر فیلڈنگ کارکردگی دکھانے کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ بہتر فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہیں تو آگے چل کر آپ میچز جیتنے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں۔

ٹیم کا ماحول اچھا ہے اور ہم پر کسی بھی قسم کا دباؤ نہیں۔انہوں نے تمام باؤلرز سے مثبت مائنڈ سیٹ کیساتھ باؤلنگ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کی جادوئی باؤلنگ میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری باؤلرز سے بات ہوئی اور میرا ماننا ہے کہ وہ دفاعی حکمت عملی کیساتھ باؤلنگ کر رہے ہیں کیونکہ وہ ابتدائی 6اوورز میں گیند کو سوئنگ کرنے کا رسک لینے سے کترا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات