پی ایس ایل4،کراچی کنگز نے نئی تاریخ رقم کردی

بابر اعظم اور لیونگ سٹون نے پی ایس ایل کی سب سے بڑی پارٹنر شپ قائم کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 فروری 2019 18:59

پی ایس ایل4،کراچی کنگز نے نئی تاریخ رقم کردی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے چوتھے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو کامیابی کے لیے 184رنز کا ہدف دیا اور اس دوران نئی تاریخ بھی رقم کردی ۔ دبئی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے دوسرے میچ کا ٹاس کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز کی جانب سے لیام لیونگ سٹون اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،157کے مجموعی سکور پر لیام لیونگ سٹون 82رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کرس گرین کا شکار بن گئے ،کولن انگرام مکمل ناکام رہے اورمحض ایک رن بنانے کے بعد آندرے رسل کا شکار بن گئے ،بابر اعظم 77رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد کرس گرین کی دوسری وکٹ بنے جنہوں نے اگلی ہی گیند پر 4رنز بنانے والے عماد وسیم کو بھی آﺅٹ کیا ،کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 183رنز سکور کیے ۔

(جاری ہے)

بابر اعظم اور لیونگ سٹون کی شراکت داری پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے،اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے شین وٹسن اور شرجیل خان نے 153رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی ۔ملتان سلطانز کی ٹیم شعیب ملک(کپتان)، شان مسعود، ٹام مورس، لوری ایونز، کرس گرین، حماد اعظم، آندرے رسل، شاہد آفریدی، جنید خان، محمد عرفان اور محمد الیاس پر مشتمل ہے ۔کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم(کپتان)، لیام لیونگ سٹون، بابر اعظم، کولن انگرام، روی بوپارہ، محمد رضوان، سکندر رضا، عثمان شنواری، سہیل خان اور عمر خان پر مشتمل ہے ۔آج دوسرا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام نو بجے ہوگا جس میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل ہوں گے۔