کرنسی اسمگلنگ کیس، ایان علی کے تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب

عدالت کا ملزمہ کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار ، قانونی کارروائی نہیں روکی جاسکتی۔ ملزمہ دبئی سے عمان چلی جاتی ہے پاکستان نہیں آتی،عدالت

جمعہ 15 فروری 2019 20:36

کرنسی اسمگلنگ کیس، ایان علی کے تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت نے ماڈل ایان علی کے تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔تفصیلات کے مطابق مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کی سربراہی میں ہوئی۔ سماعت کے دوران ماڈل کے خلاف سماعت طویل عرصہ تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جوعدالت نے مسترد کردی۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ قانونی کارروائی نہیں روکی جاسکتی۔ ملزمہ دبئی سے عمان چلی جاتی ہے پاکستان نہیں آتی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمہ کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ تاریخ پرملزمہ پیش نہ ہوئیں توقانون کے مطابق اشتہاری قراردیا جائے گا۔عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضامنوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا جب کہ ایان علی کے تمام اثاثے ضبط کرنے کے لیے تفصیلات طلب کرلی گئیں۔

ایان علی کے خلاف سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، وہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئیں اور پھر کم و بیش دو برسوں سے واپس نہیں لوٹیں۔