افغانستان کے عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے دیا جائے‘لیاقت بلوچ

عالم اسلام کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اتحاد امت ہی واحد راستہ ہے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعہ 15 فروری 2019 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افغانستان میں روس کے بعد امریکہ کی شکست نوشتہ دیوار ہے کہ افغانستان کے غیور اور بہادر عوام امریکہ سمیت کسی عالمی استعمار کی غلامی قبول کرنے کیلئے تیار نہیں اس لئے امریکہ کو تاخیری حربوں کی بجائے فوری طور پر افغانستان سے نکل جانا چاہئے ۔

کوئٹہ میں افغان طلبہ اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ افغانستان کے جری ،بہادر اور فاتح عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں ۔افغانستان کے عوام نے ایک طویل عرصہ تک حملہ آور قوتوں کا مقابلہ کیا اور عالمی استعمار کو ناکامی سے دوچار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کامیابی کے بعد کشمیر اور فلسطین کی جدوجہد آزادی بھی کامیاب ہوگی۔

دریں اثناء ملی یکجہتی سندھ کی صوبائی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی اور تاریخی ہیں ۔سعودی عرب کے ہر فرمانروا نے دوستی کا حق ادا کیا ہے اور پاکستان کے عوام بھی حرمین شریفین کی خدمات کی وجہ سے سعودی عرب کے عوام سے گہری محبت اور عقیدت رکھتے ہیں ۔

عالم اسلام کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اتحاد امت ہی واحد راستہ ہے ۔اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے قریب آنا اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنا نیک شگون ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں عالم اسلام کیلئے ضروری ہے کہ عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں سے ہوشیار رہا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ قرضوں ،کشکول ،سود اور کرپشن کا معاشی نظام عوام کو خوشحال نہیں کرسکتا ۔

خود انحصاری ،امانت و دیانت اور اسلامی معاشی اصول ہی معاشی استحکام اور خوشحالی دے سکتے ہیں ۔نیا قرضہ مہنگائی ،بے روز گاری اور کرپشن میں اضافہ کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قدرتی اور انسانی صلاحیتیں بڑا سرمایہ ہیں ۔اس موقع پر اسد اللہ بھٹو،مولانا عبد الحق ہاشمی ،حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنمابھی موجود تھے ۔