میڈیا کی آزادی کے بغیر جمہوریت کی نشوونما ممکن نہیں ،اقبال ظفرجھگڑا

جمعہ 15 فروری 2019 22:35

میڈیا کی آزادی کے بغیر جمہوریت کی نشوونما ممکن نہیں ،اقبال ظفرجھگڑا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق گورنرخیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑانے کہا ہے کہ ن لیگ صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ میڈیا کی آزادی کے بغیر جمہوریت کی نشوونما ممکن نہیں ہے موجودہ حکومت میڈیا پر قدغن لگانے کی کوشش کرتی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں فوٹوجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فوٹوگرافرز کی تصاویری نمائش کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا ، تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء و سابق وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے بھی شرکت کی ۔

اقبال ظفرجھگڑا نے کہاکہ صحافی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور انتہائی نازک حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں ، فوٹوگرافرز ہمیشہ سخت ڈیوٹی کرتے ہیں تاہم پشاور کے فوٹوگرافرزکی تصاویر عالمی سطح پر ایوارڈز لیتی ہے جو کسی اعزاز سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ن لیگ نے ہمیشہ میڈیا کو فعال کرنے کیلئے کردار ادا کیا اور موجودہ حکومت کو چاہیے کہ صحافت پر پابندی عائد کرنے سے گریز کرے ۔

سید عاقل شاہ نے کہاکہ پشاور کے فوٹوگرافرز کی لی گئی تصاویر دلچسپ ہیں جس میں انہوںنے تاریخ قلمبند کردی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صحافت ایک معزز پیشہ ہے اور میڈیا کے باعث معاشرہ ترقی کرتا ہے جبکہ جمہوریت آگے بڑھتی ہے ، عوامی نیشنل پارٹی صحافیوں کیساتھ اس مشکل حالات میں کھڑی ہے اور حکومت صحافیوں کیساتھ ناانصافیوں کا ازالہ کرے ۔