پی ایس ایل4،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7رنز سے ہرا دیا

بابر اعظم اور لیونگ سٹون کی ففٹیز،عامر کے 4شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 فروری 2019 20:20

پی ایس ایل4،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7رنز سے ہرا دیا
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے چوتھے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7رنزسے شکست دےدی۔دبئی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے ٹام مورس اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عامر نے دوسرے ہی اوور میں ٹام کو پویلین واپس بھیج دیا جب کہ شان مسعود بھی 20 رنز کی اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے۔

لیوک ایونز اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کے لیے72رنز جوڑے جس کے بعد ایونز 49رنز بنا کر شنواری کے ہاتھوں رن آﺅٹ ہوئے،آندرے رسل بھی 9رنز بنا کر پوولین لوٹے،ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک52رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد عثمان شنواری کی دوسری وکٹ بنے ، شاہد آفریدی14رنز بنا کر محمد عامرکی تیسری وکٹ بنے جبکہ حماد اعظم 12رنز بنا کر عامر کے سپیل کی آخری گیند پر آﺅٹ ہوئے ،کرس گرین کی باری6رنز پر سمٹ گئی جبکہ الیاس اگلی ہی گیند پر بولڈ ہوئے ،ملتان کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں9وکٹوں پر 176رنز بنا سکی ،کراچی کنگز کی جانب سے محمدعامر نے 4اور سہیل خان نے 2وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز کی جانب سے لیام لیونگ سٹون اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں،157کے مجموعی سکور پر لیام لیونگ سٹون 82رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کرس گرین کا شکار بن گئے ،کولن انگرام مکمل ناکام رہے اورمحض1 رن بنانے کے بعد آندرے رسل کا شکار بن گئے ،بابر اعظم 77رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد کرس گرین کی دوسری وکٹ بنے جنہوں نے اگلی ہی گیند پر 4رنز بنانےوالے عماد وسیم کو بھی آﺅٹ کیا ،کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 183رنز سکور کیے ۔

بابر اعظم اور لیونگ سٹون کی شراکت داری پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے،اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے شین وٹسن اور شرجیل خان نے 153رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی ۔ملتان سلطانز کی ٹیم شعیب ملک(کپتان)، شان مسعود، ٹام مورس، لوری ایونز، کرس گرین، حماد اعظم، آندرے رسل، شاہد آفریدی، جنید خان، محمد عرفان اور محمد الیاس پر مشتمل ہے ۔کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم(کپتان)، لیام لیونگ سٹون، بابر اعظم، کولن انگرام، روی بوپارہ، محمد رضوان، سکندر رضا، عثمان شنواری، سہیل خان اور عمر خان پر مشتمل ہے ۔آج کادوسرا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام نو بجے ہوگا جس میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل ہوں گے۔