ملک کے 10شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق

انسداد پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں، بابر بن عطاء

جمعہ 15 فروری 2019 22:48

ملک کے 10شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) وزیراعظم کے معاون برائے انسداد پولیو بابر بن عطا نے کہا ہے کہ گٹر کے پانی میں وائرس کی موجودگی بہت بڑا خطرہ ہے، اسی پولیو وائرس کی وجہ سے ہنگو کی تین ماہ کی بچی اور لاہور کے آٹھ سالہ بچہ پولیو کا شکار ہو گئے، پولیو وائرس کسی بھی بچے کو عمر بھر کے لیے معزور کرسکتا ہے، اس لئے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ بچو ں کو ہر بار انسداد پولیو کے دو قطرے ضرور پلائیں جائیں تاکہ ان کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے ۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، کراچی، سکھر، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، ڈی آئی خان، پشاور، اور جنوبی وزیرستان کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے، وائرس کی نشاندہی کے بعد پاکستان پولیو پروگرام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر انسداد پولیو مہم میں قطرے ضرور پلائیں۔

(جاری ہے)

جاری ہونے والے بیان میں سربراہ پاکستان پولیو پروگرام ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا ہے کہ پولیو کاخاتمہ والدین اور ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کے لئے لازمی ہے کہ بچوں کو بار بار انسداد پولیو کے قطرے پلائیں جائیں۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ سردی کا موسم پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے موزوں ہے اس لئیے آئندہ 8 ہفتے نہایت اہم ہیں جس میں پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ قاضی زیاد