Live Updates

سعودی عرب سے دوستی کیلئے حکومت اور اپوزیشن اکٹھی ہے، سعودی ولی کی آمد پر جڑواں شہروں کو بند نہیں کیا جارہا، سیکیورٹی سخت ہوگی، فواد حسین

سعودی عرب اور یواے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں،محمد بن سلمان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے ہوں گے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 فروری 2019 22:58

سعودی عرب سے دوستی کیلئے حکومت اور اپوزیشن اکٹھی ہے، سعودی ولی کی آمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے دوستی کیلئے حکومت اور اپوزیشن اکٹھی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر اسلام آباد اور راولپنڈی کو بند نہیں کیا جارہا بلکہ سیکیورٹی سخت ہوگی،سعودی عرب اور یواے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں،محمد بن سلمان کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

جمعہ کو عرب نیوز کے اسلام آباد بیورو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہا کہ پورا پاکستان سعودی ولی عہد کی آمد پرخوش ہے،سعودی عرب سے دوستی کیلئے حکومت اور اپوزیشن اکٹھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محمد بن سلمان کی آمد پر اسلام آباد اور راولپنڈی کو بند نہیں کیا جارہا ہے بلکہ سیکیورٹی سخت ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ سعودی شہزادے کے استقبال کیلئے وزیراعظم خود ایئرپورٹ جائیں گے، پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر پاک فضائیہ سعودی ولی عہد کو سلامی دیگی۔ انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کووزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا جبکہ ایوان صدرمیں پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزازدیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یواے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہے ہیں،محمد بن سلمان کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے ہوں گے۔

سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران سعودی عرب کے ساتھ گزشتہ دس سالوںمیں ہونیوالی سرمایہ کاری سے زیادہ سرمایہ کاری ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ محمد بن سلمان کے دورے سے نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی سپریم کوآرڈنیشن کونسل قائم کی گئی ہے جس کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے جوائنٹ ورکنگ گروپ مل کرکام کریں گے، جتنے بھی معاہدے ہوں گے اس کی نگرانی کونسل خود کریگی جبکہ پاکستان کی جانب سے سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کی نگرانی وزیر اعظم عمران خان کریں گے اور سعودی عرب کی جانب سے اس کونسل کی نگرانی ولی عہد محمد بن سلمان کریں گے۔

ایک سوال کہ حکومت نے اپوزیشن کے کسی رہنماء کو سعودی ولی عہد کی آمد پر دعوت کیوں نہیں دی کا جواب دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کیساتھ تعلقات اتنے اچھے نہیں جتنا وہ ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے دونئے شہروں کیلئے افرادی قوت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نہیں صرف ریڈزون کو بند کیا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات