سینیٹر شیری رحمن کی بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کی شدید مذمت

پورا پاکستان پلوامہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، مودی سرکار کاپاکستان پر الزام لگانا افسوسناک ہے،دنیا جانتی ہے اسلام آباد کو ایسے حملے سے کوئی فائدہ نہیں، ہمیشہ کی طرح بھارت نے اس بار بھی ثابت کردیا وہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، ردعمل

جمعہ 15 فروری 2019 22:58

سینیٹر شیری رحمن کی بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے پر پاکستان پر الزامات عائد کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا پاکستان پلوامہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، مودی سرکار کاپاکستان پر الزام لگانا افسوسناک ہے،دنیا جانتی ہے اسلام آباد کو ایسے حملے سے کوئی فائدہ نہیں، ہمیشہ کی طرح بھارت نے اس بار بھی ثابت کردیا وہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگانا انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان پلوامہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہی ہے جو افسوسناک رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بھی ہمیشہ کی طرح بنا کسی تاخیر کے الزام پاکستان پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے اسلام آباد کو اس طرح کے حملے سے کوئی فائدہ نہیں۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ برسوں سے کشمیر میں جاری ظلم کا سیاسی ردعمل دینے کے بجائے پاکستان پر الزام لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام لگانا انتہائی غیرذمہ دارانہ ردعمل ہے،ہر بات کا الزام پاکستان پر عائد کرنا اب مودی حکومت کی روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پسندیدہ ملک کا درجہ واپس لینے کا مطلب معاملے کو بات چیت سے حل کرنا نہیں ہے۔ شیری رحمن نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بھارت نے ثابت کر دیا وہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔