امریکا میں ایمرجنسی نافذ‘حقوق معطل کرنے پر تنظیموں کا عدالت میں جانے کا اعلان

ٹرمپ کے حامی اور مخالفین کے درمیان قانونی جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں‘ کانگرس میں ڈیموکریٹس اراکین کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 فروری 2019 22:31

امریکا میں ایمرجنسی نافذ‘حقوق معطل کرنے پر تنظیموں کا عدالت میں جانے ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 فروری۔2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے کانگرس کی رکاوٹ کو ختم کرنے کے لیے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے. ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے 8 ارب ڈالر کے بل منظوری کے لیے کانگرس کو بالاطاق رکھتے ہوئے اختیارات استعمال کرنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کریں گے.

(جاری ہے)

ٹرمپ نے وائٹ ہاﺅس روز گارڈن سے نشر ہونے والے خطاب میں تازہ اقدام کا اعلان کیا جس کے بعد ان کے حامی اور مخالفین کے درمیان قانونی جنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں جبکہ کانگرس کے ایوان زیریں میں ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہے جو متوقع طور پر اس جنگ میں پہل کرے گی جو نہ صرف امریکی کانگریس کے اندر لڑی جائےگی بلکہ عدالتوں میں بھی جائے گی. سرحد پر دیوار کی تعمیر کی اہمیت اور چین کے ساتھ تعلقات پر تفصیلی بات کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ میں قومی ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے دستخط کرنے جارہا ہوں.

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی انسانی اسمگلرز اور منشیات کے خلاف جنگ کی بات کررہے ہیں. امریکی صدر نے کہا کہ وہ کانگرس کی جانب سے شٹ ڈاﺅن کے خاتمے کو روکنے کے لیے منظور کیے گئے نئے بل پر بھی دستخط کریں گے. نئے بل کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بل دیوار کی تعمیر کے لیے ان کی ضرورت کے مطابق 5 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم نہیں کر رہا ہے.

دوسری جانب امریکا میں حقوق کی سب سے بڑی تنظیم امریکن سول لیبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایمرجنسی کو عدالت میں چیلنج کریں گے. ٹرمپ کے خطاب کے بعد اے سی ایل یو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی جنوبی سرحد میں دیوار کے تعمیر کی خواہش کے لیے قومی ایمرجنسی کو جواز نہیں بنایا جاسکتا ہے بلکہ یہ صدارتی اختیارات کا واضح طور پر غلط استعمال ہوگا.

قبل ازیں امریکی سینیٹ میں حکومتی رہنما مِچ میک کونیل نے اعلان کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد ملک میں قومی ایمرجنسی نافذ کرنے والے ہیں، جس کے بعد انہیں کانگرس کی منظوری لیے بغیر میکسکو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کا اختیار حاصل ہوجائے گا. ایمرجنسی سے ٹرمپ انتظامیہ کو اختیار حاصل ہو گیا ہے کہ کانگرس کی جانب سے دیگر مقاصد کے لیے مختص شدہ فنڈز میں ردو بدل کر کے سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے دیے گئے فنڈز میں کمی کو پورا کرلیا جائے.