سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر،دفترخارجہ نے تصدیق کردی

محمد بن سلمان اب 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، ولی عہد کی مصروفیات کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ،ترجمان دفترخارجہ سعودی وفد کا دورہ ملتوی ہونے کی وجہ سے 17 فروری کو منعقد ہونے والی پاک سعودی بزنس کانفرنس بھی ملتوی کردی گئی ،سرمایہ کاری بورڈ

جمعہ 15 فروری 2019 23:42

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر،دفترخارجہ نے تصدیق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر ہوگئی ،دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کی تصدیق کردی۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان, نائب وزیر اعظم. اور وزیر دفاع کے ہمراہ 18-17 فروری کو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے ا ور پیر کو وطن واپسی سے قبل چند گھنٹوں کے لیے ملائشیا جائیں گے اور پھر بھارت بھی جائیں گے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 16 فروری کو پاکستان آنا تھا، تاہم اب وہ 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ ولی عہد کی مصروفیات کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔دریں اثناء میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کے بعد 17 فروری کو ہونے والی پاک۔

(جاری ہے)

سعودی بزنس کانفرنس بھی منسوخ کردی گئی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ نے کانفرنس منسوخ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ناگزیر حالات کی وجہ سے سعودی وفد کا دورہ ملتوی کیا گیا، اس لیے 17 فروری کو منعقد ہونے والی پاک۔

سعودی بزنس کانفرنس بھی ملتوی کردی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 'بزنس کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ شاہی خاندان کے اہم افراد کے ساتھ ساتھ وزرا اور کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک بڑا وفد بھی پاکستان آئے گا۔ان کے دورے کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے 125رکنی سعودی ایڈوانس ٹیم، جن میں سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور حرمین شریفین ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ کراؤن پرنس ڈپارٹمنٹ اور ڈیفنس ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیم شامل تھی، اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پہنچی تھی۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے 7 بی ایم ڈبلیو سیون سیریز، ایک لینڈ کروزر اور 8 کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچا دیا گیا تھا۔ان لگڑری گاڑیوں کو سعودی عرب سے 2 'سی 130' طیاروں کے ذریعے نور خان ایئر بیس پر منتقل کیا گیا تھا۔سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے 2 روز تک راولپنڈی اور اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارلحکومت کے ادارے کے تین دن کی چھٹیوں کے مزے لیں گے ہفتہ وار تعطیلات ہفتہ اور اتوار کے ساتھ سوموار کو بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پروفاقی حکومت میں ادارے بند رہیں گے اور ریڈ زون میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی ہو گی اور اسلام آباد کے 8 بڑے ہوٹلز کا انتظام پاکستانی اور سعودی سیکیورٹی کے حوالے کرتے ہوئے ایڈوانس بکنگ پر پابندی اور کسی بھی شخص کو ان ہوٹلز میں رہائش نہیں دی جائے گی ۔