سندھ میں قوم پرستی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکی ، سندھ کو قومی دھارے سے کاٹنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گی،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

جمعہ 15 فروری 2019 23:42

سندھ میں قوم پرستی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکی  ، سندھ کو قومی دھارے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں قوم پرستی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکی ہے اب سندھ کو قومی دھارے سے کاٹنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ مشیر اطلاعات نے جلال محمود شاہ کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جلال محمود شاہ سندھ کی قوم پرست سیاست کے چلے ہوئے کارتوس ہیں جن کو یونین کونسل کی نشست پر بھی کامیابی حاصل نہیں ہوتی اور وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر الزام تراشیاں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں قوم پرست سیاست دان سیاسی میدان کے وہ یتیم ہیں جو در بدر ممتا کی بھیک کی تلاش میں سرگرداں ہیں ان کے متعلق یہی کہا جاسکتا ہے کہ یہ قوم پرست صرف اور صرف " سیاسی یتیم" کی اصطلاح پر پورے اترتے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جلال محمود شاہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی کا احتساب کیا جائے ان کو صرف یہی بتانا مقصود ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 1979 سے احتساب کا سامنا کررہی ہے اور ہر محاذ پر سرخرو ہو کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں قوم پرست سیاست صرف مفادات کی سیاست کرتی ہے ان کا سندھ کے مفادات اور عوام سے کوئی رشتہ نہیں۔ #