روس نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کیلئے مدد کی پیش کش کردی

پاکستان سٹیل مل کودوبارہ چالو کرنے کا فیصلہ حکومت پاکستان کو کرنا ہے، اگرہم سے مدد مانگی گئی تو ہم ضرور مدد کریں گے: پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیکسی ڈڈوف

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 فروری 2019 23:19

روس نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کیلئے مدد کی پیش کش کردی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری2019ء) روس نے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کیلئے مدد کی پیش کش کردی، پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیکسی ڈڈوف کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹیل مل کودوبارہ چالو کرنے کا فیصلہ حکومت پاکستان کو کرنا ہے، اگرہم سے مدد مانگی گئی تو ہم ضرور مدد کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات روسی سفیر نے کہا ہے کہ اگر پاکستان چاہے تو روس پاکستان اسٹیل مل کو چالو کرنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

روسی سفیر کا کہنا ہے کہ یہ حکومت پاکستان کو فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ سٹیل مل کوچلانا چاہتے ہیں یا اس کو ’پرائیویٹائز‘ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ فیصلہ بھی حکومت پاکستان کوہی کرنا ہے کہ سٹیل کی پیداوار کا ایسا بڑا پروجیکٹ اس ملک کے لیے کتنا ضروری ہے تاہم اگرہم سے مدد مانگی گئی تو ہم ضرور مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیکسی ڈڈوف کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت میں گزشتہ سال کی نسبت 30 فیصداضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

دونوں ممالک کی وزارتوں جن میں وزارت خارجہ اور دیگر وزارتیں شامل ہیں ،کے درمیان مسلسل راوبط قائم ہیں۔ ہمارے وزیرخارجہ اورپاکستانی وزیرخارجہ میں دوماہ قبل ماسکو میں ہونے والی ملاقات بہت مفید رہی اور اس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کوہرشعبہ میں بڑھانے کے سلسلے میں بہت تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ ہمارے دونوں ملکوں کی پارلیمنٹ کے ممبران کے درمیان خیرسگالی وفود کے تبادلوں پر بھی کام ہورہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرم جوشی ظاہرہوتی ہے۔

دونوں ممالک میں اقتصادی شعبے کے علاوہ مالیاتی اور فوجی میدانوں میں بھی تعاون روز بروز بڑھ رہاہے تاہم کچھ مسائل بھی ہیں جن میں سرفہرست دونوں ممالک کے درمیان ڈائریکٹ بینکنگ سسٹم کافقدان ہے ۔اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان صنعتی و تجارتی وفود کے تبادلوں کی بھی بہت ضرورت ہے۔ اس وقت بہت سی روسی کمپنیاں جن میں انرجی ،زراعت ،پروسیسنگ اور جدید زرعی مشینری تیارکرنے والی کمپنیاں نمایاں ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیارہیں۔