غیر معمولی آلودگی نے روس میں برف کو سیاہ کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 15 فروری 2019 23:49

غیر معمولی آلودگی نے روس میں  برف کو سیاہ کر دیا

تصور کریں کہ آپ رات کو سوتے ہیں۔ساری رات برف باری ہوتی ہے اور صبح جب آپ باہر جا کر دیکھتے ہیں تو  راتوں رات ساری برف سیاہ ہو چکی ہوتی ہے۔روس کے  علاقے کزباس کے دوشہروں  پروکوپیفسک اور کیسلفسک میں شہریوں کو آج کل ایسا ہی تجربہ ہو رہا ہے۔
ان شہروں کے شہریوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیو سے پتا چلتا ہے کہ کوئلے کی کان کنی کےعلاقوں میں آلودگی کی صورتحال کتنی  زیادہ خراب ہے۔

گلیوں اور میدانوں میں  بچھی برف کی تہہ پرکوئلے کی گرد اور کالک  نے سفید برف کو سیاہ کر دیا ہے۔
مقامی افراد نے سوشل میڈیا کا سہارا لے کر حکام سے درخواست کی ہے کہ قریب واقع کوئلے کے پلانٹ کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ لیکن حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ معاملہ خاصا پیچیدہ ہے۔

(جاری ہے)


کیمیروو کے علاقے میں ڈپٹی گورنر فار انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اینڈ ایکولوجی آندرے پانوف نے اخباری رپورٹروں کو بتایا کہ علاقے کی عمارتوں میں گیس نیٹ ورک کی تنصیب کا کام نہیں کیا جا سکا، اس لیے بہت سی عمارتیں گرمائش کے لیے کوئلے سے چلنے والے بوائلر پر انحصار کرتی ہیں، اس لیے اس آلودگی کو پھیلانے میں رہائشی عمارتوں اور مقامی کاروباری اداروں، سب کا حصہ ہے۔

انہوں نے گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کو بھی آلودگی کی بڑی وجہ قرار دیا۔
پروکوپیفسک کے نزدیک واقع پروکوپیفسکایا کول پلانٹ کے جنرل ڈائریکٹر اناطولی والکوف نے اخباری رپورٹروں کو بتایا کہ اُن کی کمپنی خصوصی شیلٹر استعمال کرتی ہے جس سے قریبی شہر خطرناک کیمیائی مرکبات سے محفوظ رہتے ہیں۔ تاہم اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے کہ برف کو سیاہ کرنے میں اس کول پلانٹ کو کوئی حصہ نہیں۔


روس کی ماحولیاتی ایجنسی کے حکام نے علاقے میں دو انسپکٹروں کو بھیجا ہے جو کول پلانٹ کا معائنہ کریں گے۔ مقامی حکام نے بھی کول پلانٹ کی انتظامیہ سے اس ماحولیاتی مسئلے پر بات کرنے کا کہا ہے۔
سیاہ برف کی چادر پر جہاں بہت سے انٹرنیٹ صارفین روسی حکومت پر تنقید کر رہےہیں،وہیں کچھ انٹرنیٹ صارفین نےاس منظر کو انتہائی خوبصورت قرار دیا ہے۔