بالی وڈ اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی نے دورہ کراچی منسوخ کر دیا

دورہ کراچی پلوامہ حملے کے بعد منسوخ کیا گیا ، بھارت نے سیاست شروع کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 فروری 2019 09:57

بالی وڈ اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی نے دورہ کراچی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 فروری 2019ء) : نامور بالی ووڈ شاعر اوراسکرپٹ رائٹر جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی نے کشمیر پلوامہ حملے کے بعد ہندوانتہا پسندوں کے خوف سے دورہ کراچی منسوخ کردیا۔جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی کو23 اور 24 فروری کو کراچی آرٹس کونسل میں شبانہ اعظمی کے والد کیفی اعظمی کے اعزاز میں دی جانے والی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد انہوں نے اپنا دورہ کراچی منسوخ کردیا۔دورہ منسوخ کرنے کی اطلاع جاوید اختر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام کے ذریعے دی۔ جاوید اختر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ کراچی آرٹس کونسل نے مجھے اور شبانہ کو کیفی اعظمی کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی دوروزہ تقریب میں بطور مہمان مدعو کیا تھا لیکن اب ہم نے اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جاوید اخترکے ٹویٹر پیغام سے صاف ظاہر ہے کہ انہوں نے اپنا دورہ کراچی پلوامہ حملے کے بعد بھارتی ہندوانتہا پسندوں کے خوف کی وجہ سے منسوخ کیاہے۔ جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کے دورہ کی منسوخی کو بھارتی میڈیا نے ہیڈ لائنز بنا کر پیش کیا۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ زہر ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر اُگلا جا رہا ہے جس کا واحد مقصد مبصرین کے نزدیک انتہا پسند ہندوؤں کے جذبات بھڑکا کر آئندہ عام انتخابات میں بھارتی جنتیا پارٹی کی جیت کو یقینی بنانا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 2547 اہلکاروں پر مشتمل قافلہ 78 بسوں میں جموں سے سرینگر جارہا تھا، سری نگر جموں شاہراہ پر پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ایک بس سے ٹکرا دی، قریبی گاڑیاں بھی دھماکہ کی زد میں آگئیں۔ حملے میں 44 اہلکار ہلاک، 20 زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے بعد بھارت نے بغیر سوچے سمجھے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرنا شروع کر دیا اور تاثر دینے کی کوشش کی کہ یہ حملہ پاکستان نے کروایا ہے، تاہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے قافلے پر ہونے والے حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارت الزام ترجمان دفتر خارجہ نے مسترد کر دیا تھا۔