عمرہ زائرین کو جاری کردہ ویزوں کی گنتی 39 لاکھ کے قریب پہنچ گئی

رواں سیزن میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 فروری 2019 10:26

عمرہ زائرین کو جاری کردہ ویزوں کی گنتی 39 لاکھ کے قریب پہنچ گئی
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری 2019ء ) وزارت حج وہ عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن یعنی یکم محرم الحرام سے لے کر 9 جمادی الثانی تک عمرہ کے خواہش مند کلمہ گو افراد کو 3896000 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے اب تک 3454398 ارضِ مقدس پہنچ چکے ہیں۔ 30232015 افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرکے اپنے وطن لوٹ چکے ہیں۔ اس وقت مملکت میں موجود عمرہ زائرین کی گنتی 431293 ہے۔

وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ حاجی پاکستان سے آئے ہیں۔ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی گنتی 6 لاکھ 83 ہزار 317 ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 564273 ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے 373781 معتمرین آئے ہیں۔ معمترین کی فہرست میں یمن چوتھے، ملائشیا پانچویں، مصر چھٹے، تُرکی ساتویں ، الجزائر آٹھویں، اُردن نویں جبکہ بنگلہ دیش دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

(جاری ہے)

وزارت حج و عمرہ کے مطابق سب سے زیادہ معتمرین فضائی راستے سے آئے ہیں اس کے بعد بری اور فضائی راستوں سے آنے والے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں محرم سے لے کر 9 جمادی الاول تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔

معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔ اس مقصد کے لیے 992 ، ای میل یا سوشل ویب سائٹس سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔