پاکستانی سفیر نے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مزید خوش خبریوں کی نوید سُنا دی

سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مختلف فیسوں میں بہت سا ریلیف ملنے والا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 فروری 2019 11:13

پاکستانی سفیر نے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مزید خوش خبریوں کی نوید ..
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری 2019ء ) سعودی ولی عہد کے دورۂ پاکستان کو سعودی عرب میں بھی بہت اُجاگر کیا جا رہا ہے۔ سعودی اخبارات پاکستان کی جانب سے استقبال کے لیے کی جانے والی شاندار تیاریوں کی خبروں کو بہت نمایاں کر کے چھاپ رہے ہیں۔ اس حوالے سے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز نے بتایا ہے کہ پاکستان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بہت شایانِ شان ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا۔

ولی عہد کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ جن سے پاکستانی معیشت کو بہت سنبھالا مِلے گا۔ اس کے علاوہ دونوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو بھی مزید بڑھاوا مِلے گا۔ ولی عہد کے دورہِ پاکستان سے دونوں مُلکوں کے دوستی کو نئی جہت اور بلندی ملے گی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے بھی بہت سی شاندار خبریں آنے والی ہیں۔

پاکستانی کمیونٹی کے وزٹ ویزہ فیس میں کمی کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ جبکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں آئل، گیس، ایندھن،کان کنی، زراعت اور دیگر کئی شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بہترین قانونی ڈھانچہ موجود ہے جس کے باعث غیر مُلکی سرمایہ کار بلا خوف و خطر یہاں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ جبکہ سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت بھی بڑا احسن اقدام ہے۔ اس سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی۔