فروری کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.53فیصد اضافہ ہوا‘پاکستان بیورو شماریات

مختلف آمدنی کمانے والوں کے لیے حساس اعشاریے بالترتیب 0.53، 0.56، 0.54 اور 0.51 فیصد تک بڑھ گئے

ہفتہ 16 فروری 2019 12:50

فروری کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.53فیصد اضافہ ہوا‘پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) رواں ماہ فروری کے دوسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گندم اور آٹے سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،8تا 35ہزار تک آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے مزید بڑھ گئے۔پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق نئے مالی سال 19-2018 کے آٹھویں ماہ (فروری) کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس دوران زندہ مرغی، ٹماٹر، کیلے، گندم، آٹا، مسٹرڈ آئل، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، چینی، گڑ اور دال مسور سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق انڈے، لہسن ،خوردنی تیل، آلو، پیاز، دال ماش، چنے کی دال، دال مونگ، سرخ مرچ اور ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کا تیل، گیس نرخ، بجلی کے نرخ، نمک، چائے، روٹی سادہ، تازہ دودھ، دہی، ملک پاڈر، باسمتی چاول، اری چاول، سگریٹ اور صابن سمیت 31 اشیا ء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

فروری کے پہلے ہفتے کے مقابلے میں دوسرے ہفتے میں 8 تا 12 ہزار آمدنی، 12 تا 18 ہزار آمدنی، 18 تا 35 ہزار تک اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.53، 0.56، 0.54 اور 0.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔