پاکستان کے پاپ گلوکار زوہیب حسن نے پاکستان سپر لیگ انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا

پاکستان سپر لیگ نے میرا گانا بغیر اجازت گایا جو کہ کاپی رائٹس کی خلاف ورزی ہے۔ زوہیب حسن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 فروری 2019 13:37

پاکستان کے پاپ گلوکار زوہیب حسن نے پاکستان سپر لیگ انتظامیہ کے خلاف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 فروری 2019ء) : پاکستان کے پاپ گلوکار زوہیب حسن نے بغیر اجازت گانا گانے اور کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے پرپاکستان سپر لیگ انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ پاکستان سپرلیگ کے سیزن فور کی شاندار افتتاحی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں مختلف گلوکاروں نے پرانے گانوں پر پرفارمنس پیش کی ۔

ستر کی دہائی کے پاپ گلوکار بونی ایم نے سب سے پہلے محفل لوٹنے کی کوشش کی جس کے بعد آج کے دور کی نوجوان گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے 1981ء کے نازیہ حسن اور زوہیب حسن کے گائے ہوئے ہر دل عزیز گیت ''ڈسکو دیوانے'' کا ری مکس پیش کیا۔’ڈسکو دیوانے‘ کو ماضی میں پاپ گلوکارہ نازیہ حسن اور زوہیب حسن نے گایا تھا جو گلوکار زوہیب حسن کی بہن تھیں۔

(جاری ہے)

''ڈسکو دیوانے'' کو اجازت کے بغیر پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گانے پر زوہیب حسن نے برہمی کا اظہار کیا اور ایونٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔ زوہیب حسن نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں میرا گانا بغیر اجازت چلایا گیا جس پر مجھے بے حد افسوس ہوا۔ زوہیب حسن نے پی ایس ایل انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا۔



 اپنی پوسٹ میں انہوں نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گانا پیش کرنے والے آئمہ بیگ یا شجاع حیدر سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، زوہیب حسن کے اس اعلان پر تاحال پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔