ولی عہد شہزادہ بن سلمان کا دورہ دونوں ممالک کے تاریخی، برادرانہ اعتمادواخوت کے بندھن کی آئندہ نسل کو منتقلی کا مظہر ہے‘حمزہ شہباز

امید ہے دونوں ممالک علاقائی اور عالمی تناظر میں ایک دوسرے کی مضبوطی اور معاشی قوت بڑھانے میں طویل المدتی انداز اپنائیں گے

ہفتہ 16 فروری 2019 14:27

ولی عہد شہزادہ بن سلمان کا دورہ دونوں ممالک کے تاریخی، برادرانہ اعتمادواخوت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزاد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ دونوں ممالک کے تاریخی، برادرانہ اعتمادواخوت کے بندھن کی آئندہ نسل کو منتقلی کا مظہر ہے۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ مظہر ہے کہ مستقبل کی سعودی قیادت پاکستان اور اس کے عوام کو کس قدر اہمیت دیتی ہے،شہزادہ محمد بن سلمان نے تخلیقی انداز میں سعودی معیشت استوار کرنے کا تاریخی اقدام اٹھایا،ان کے اقدامات سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ خودکفالت، خودانحصاری اور جدید معاشی انداز اپنا کر سعودی عرب کو جدید دنیا میں ممتاز مقام دلانے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ انتہائی کم عمری میں سعودی عرب کے لئے پوری دنیا میں متحرک کردار اداکرنے پر انہیں عالمی منظرنامے میں جدید سلطنت کا معمار تسلیم کیا جارہا ہے،تیل پر انحصار کی معیشت کے متبادل ماڈلز پر کام کرنے سے سعودی عرب نے ایک بڑے معاشی چیلنج کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے،پاکستان اور سعودی عرب معاشی میدان میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت سے خطے میں اقتصادی اانقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،امید ہے کہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی تناظر میں ایک دوسرے کی مضبوطی اور معاشی قوت بڑھانے میں طویل المدتی انداز اپنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب کے ساتھ غیرمعمولی برادرانہ اورباہمی اعتماد پر مبنی تعلقات استوار کئے،ہر مرحلے پر سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا، چیلنج کی کوئی آندھی دونوں کے برادرانہ تعلق پر اثرانداز نہیں ہوسکی،خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد سمیت سعودی قیادت اور عوام کا اس دیرینہ تعلق کو آگے بڑھانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔