شہباز شریف نے جناح ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ،

والدہ سے ملاقات کیلئے رائیونڈ بھی گئے شہباز شریف نے بڑے بھائی سے صحت بارے دریافت کیا ، ان کا حوصلہ بڑھایا ،نواز شریف نے بھی رہائی ملنے پر مبارکباد دی

ہفتہ 16 فروری 2019 16:18

شہباز شریف نے جناح ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے رہائی کے بعد اسلام آباد سے لاہور پہنچ کر جناح ہسپتال میں زیر علاج اپنے بڑے بھائی محمد نواز شریف کی عیادت کی ،اپنی والدہ سے ملاقات کیلئے جاتی امراء رائے ونڈ بھی گئے ۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔

اس موقع پر مریم نواز بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے شہباز شریف کو ضمانت منظور ہونے اور رہائی ملنے پر مبارکباد دی ۔ہسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نواز شریف کو مکمل صحت کاملہ دے ۔صحافی نے سوال کیا کہ میاں صاحب دل کے مریض ہیں اورانہیں یہاں لایا گیا ہے ۔ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میں جا کر ملتا ہوں اور دیکھتا ہوں ۔ اپنے بڑے بھائی کی عیادت کرنے کے بعد شہباز شریف جاتی امراء رائے ونڈ پہنچے اور اپنی والدہ بیگم شمیم اختر سے ملاقات کی ۔ والدہ بیٹے کو گلے لگا کر دعائیںدیتی رہیں۔