سعودی عرب اور پاکستان کو ملکر امت مسلمہ کے مسائل کو حل کرنا ہو گا‘مذہبی و سیاسی قائدین

سعودی عرب پاکستان کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جو ایمان اور عقیدے پر مبنی ہیں جن کو کوئی قوت کمزور نہیں کر سکتی

ہفتہ 16 فروری 2019 16:20

سعودی عرب اور پاکستان کو ملکر امت مسلمہ کے مسائل کو حل کرنا ہو گا‘مذہبی ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) سعودی عرب کے ولی عہد پاکستانی قوم کے مہمان ہیں ، سعودی ولی عہد کی آمد کا تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں اور مکاتب فکر خیر مقدم کرتی ہیں، سعودی عرب پاکستان کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جو ایمان اور عقیدے پر مبنی ہیں ، جن کو کوئی قوت کمزور نہیں کر سکتی،سعودی عرب اور پاکستان کو مل کر امت مسلمہ کے مسائل کو حل کرنا ہو گا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی چیئرمین پاکستان علماء کونسل ، مولانا محمد خان لغاری جمعیت علماء پاکستان ، مولانا عبد الحمید وٹو سیکرٹری جنرل پاکستان علماء کونسل، پروفیسر ذاکر الرحمن مرکزی جمعیت اہلحدیث العالمی ، علامہ غلام اکبر ساقی جمعیت علماء امامیہ ، مولانا قاسم قاسمی تحریک انصاف علماء ونگ، مولانا سید یوسف شاہ جمعیت علماء اسلام، مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنائت اللہ امیر انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ، مولانا ضیاء الحق نقشبندی تحریک اتحا د امت ، پیر نقیب الرحمن عید گاہ شریف، پیر خلیل الرحمن جمعیت مشائخ اہلسنت ، مولانا انوارالحق حقانی نائب صدر وفاق المدارس پاکستان ، مولانا اشفاق پتافی وفاق المساجد پاکستان، مولانا اسعد زکریا ، فیصل کریم کنڈی پاکستان پیپلز پارٹی ، علامہ سجاد نقوی بری امام اور دیگر علماء نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو مل کر انتہاء پسندی اور دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنی ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کو اسلامی ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے بھی کردار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ فلسطین ، کشمیر سمیت مسلم امہ کے تمام مسائل کا حل وحدت امت میں ہے ، سعودی عرب کے ولی عہد کسی جماعت ، فرد یا حکومت کے نہیں پوری قوم کے مہمان ہیںاور پوری قوم اپنے معزز مہمان کا استقبال کرتی ہے اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قائم ہونے والے معاشی اور اقتصادی اور دیگر شعبوں کے تعلقات کو دونوں ممالک کیلئے قوت کا ذریعہ سمجھتی ہے ، مذہبی و سیاسی قائدین نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوست اور دشمن ایک ہیں، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستانی قوم کیلئے خوشی اور اطمینان کا سبب ہے۔