Live Updates

اپوزیشن رہنماء اس قد کے ہی نہیں، عشائیے میں مدعو کیا جائے، فواد چودھری

اپوزیشن کی مرکزی قیادت جیل یا ضمانتوں پر ہے، جورہنماء باقی بچ جاتے ہیں وہ اس قد کے ہی نہیں کہ ان کو عشائیے میں مدعو کیا جائے، ایسے اپوزیشن رہنماؤں کا بلانا نہ بلانا برابر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 فروری 2019 16:23

اپوزیشن رہنماء اس قد کے ہی نہیں، عشائیے میں مدعو کیا جائے، فواد چودھری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2019ء) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مرکزی قیادت جیل یا ضمانتوں پر ہے، اپوزیشن کے جو رہنماء باقی بچ جاتے ہیں وہ اس قد کے ہی نہیں کہ ان کو عشائیے میں مدعو کیا جائے، ایسے اپوزیشن رہنماؤں کا بلانا یا پھر نہ بلانا برابر ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں واضح کیا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے سعودی ولی عہد کے عشائیے میں کیا بلائیں؟ اپوزیشن کے مرکزی رہنماء بدعنوانی کے مقدموں میں جیلوں میں ہیں یا پھر ضمانتوں پر ہیں۔

جبکہ اپوزیشن کے کچھ رہنماء مقدمات میں شامل تفتیش ہیں۔ اسی طرح اپوزیشن کے جو رہنماء باقی بچ جاتے ہیں وہ اس قد کے ہی نہیں کہ ان کو مدعو کیا جائے۔ ایسے اپوزیشن رہنماؤں کا بلانا یا پھر نہ بلانا برابر ہے۔

(جاری ہے)

فواد چودھری نے کہا کہ سنجیدہ اپوزیشن کا نہ ہونا سیاسی بحران ہے،آگے جاکر کوئی نئی لیڈرشپ ابھرے تو ابھرے۔ انہوں نے گزشتہ روز بھی ایک سوال” کیا اپوزیشن کو سعودی ولی عہد کے عشائیے میں دعوت دی جائے گی؟“ کے جواب میں کہا تھا کہ اپوزیشن سے تعلقات اتنے اچھے نہیں کہ انہیں دعوت دی جاتی۔

سعودی عرب سے اپوزیشن کے تعلقات اتنے اچھے نہیں جتنے بتاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان پر حکومت اور اپوزیشن اکٹھی ہے۔ پورا پاکستان سعودی ولی عہد کو خوش آمدید کہتا ہے۔ فواد چودھری کا سعودی ولی عہد کے استقبال سے متعلق کہنا تھا کہ سعودی ولی عہدکا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد کے جہاز کو پاک فضائیہ کے طیارے سلامی دیں گے، اسی طرح انہیں 21 توپوں کی بھی سلامی دی جائے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔ جبکہ ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔اسی طرح سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کوپاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز بھی دیا جائے گا۔ سعودی عرب سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات