بھارتی ہائی کمشنر کو فوری ملک بدر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

ہفتہ 16 فروری 2019 17:16

بھارتی ہائی کمشنر کو فوری ملک بدر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بھارتی ہائی کمشنر کو فوری ملک بدر کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملے کا الزام پاکستان سے جوڑنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے،بھارت کی جانب سے ہر واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانا وطیرہ بن چکا ہے۔قابض بھارتی فوج گزشتہ 7دہائیوں سے کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے ۔لیکن بھارتی حکومت آزادی کی تحریک چلانے والوں کو دہشتگرد کا نام دیتی آئی ہے۔یہ ایوان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے ۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن جماعتیں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہیں۔