احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ رچایاجارہاہے،فیاض الحسن چوہان پر جادو شیخ رشید نے کروا رکھا ہے ‘محسن نواز رانجھا

نوازشریف سے ملنے گیا لیکن ملاقات نہ ہو سکی،وہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں انکا بہتر علاج ہوناچاہیے‘رکن قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 فروری 2019 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محسن نواز رانجھا نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ رچایاجارہاہے،فیاض الحسن چوہان پر جادو شیخ رشید نے کروا رکھا ہے ،نوازشریف سے ملنے گیا لیکن ملاقات نہ ہو سکی،وہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں ان کا بہتر علاج ہوناچاہیے۔جناح ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ رچایاجارہاہے اور شریف برادران کے خلاف احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیوں کا ڈرامہ سب کے سامنے آ چکا ہے،شہباز شریف کا تفصیلی فیصلہ آنے دیں پتہ چلے گا ایک سو انتیس دن جیل کاٹنے کے باوجود نیب کو کوئی ثبوت نہیں ملا ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف دل کے عارضے میں مبتلا ہیں ان کا بہتر علاج ہوناچاہیے،نوازشریف سے ملاقات کیلئے گیالیکن ملاقات نہ ہو سکی،اللہ تعالی نوازشریف کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فیاض الحسن چوہان پر کوئی جادو نہیں کروایا، ن لیگ کے پاس فالتو وقت نہیں کہ فیاض الحسن چوہان جیسے شخص پر کالا جادو کروائیں ۔چوہان صاحب قرآن پر حلف دیتے ہیں کہ شیخ رشید سب سے جھوٹے سیاستدان ہیں اب جادو کروانے کی باتیں کرتے ہیں جو ایک ڈرامہ ہیں ،شیخ رشید احمد نے فیاض الحسن چوہان پر جادو کروا رکھا ہے۔اگر صحیح تحقیقات کی جائیں تو فیاض الحسن چوہان کے کمرے سے ہڈیوں کے علاوہ کچھ اور بھی بر آمد ہو گا۔