لاہورچڑیاگھرنے شہریوں کے سہولت کیلئے لاہور زو موبائل ایپ اور آفیشل ویب سائٹ تیارکرلی

ہفتہ 16 فروری 2019 18:59

لاہورچڑیاگھرنے شہریوں کے سہولت کیلئے لاہور زو موبائل ایپ اور آفیشل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) لاہورچڑیاگھرنے شہریوں کے سہولت کے لئے لاہور زو موبائل ایپ اور آفیشل ویب سائٹ تیارکرلی جنہیں اسی ماہ کے دوران لانچ کردیاجائیگا۔تفصیلات کے مطابق موبائل ایپ اور ویب سائٹ ایک نجی تعلیمی ادارے کی معاونت سے تیارکی گئی ہیں۔موبائل ایپ کی مدد سے شہری ایک ٹچ کے ذریعے جانوروں اورپرندوں بارے معلومات حاصل کرسکیں گے ، اس کے علاوہ شوقین افرادآن لائن ایپلی کیشن کی مدد سے اپنی پسندکے جانوراورپرندوں کو گودبھی لے سکیں گے۔

جبکہ لاہورچڑیاگھرمیں لائے جانیوالے نئے جانوروں اورپرندوں بارے معلومات بھی ویب سائٹ اورموبائل ایپ کے ذریعے مہیاکی جائیں گے۔ لاہور چڑیا گھرانتظامیہ کے مطابق ویب سائٹ اورموبائل ایپ تیارہوچکی ہیں تاہم ان کی باقاعدہ لانچنگ رواں ماہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ویب سائٹ اورموبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو لاہورچڑیاگھرمیں جانوروں اورپرندوں کے عالمی دنوں کی مناسبت سے منعقدہونیوالی مختلف تقریبات بارے بھی آگاہ کیاجائیگا۔

پاکستان میں پہلی بارکسی سرکاری چڑیاگھربارے مکمل معلومات آفیشل ویب سائٹ اورموبائل ایپ پردستیاب ہوں گی۔لاہورچڑیاگھرحکام کے مطابق شہریوں میں جانوروں اورپرندوں بارے آگاہی پیداکرنے کے لئے فیس بک ، ٹوئٹراورانسٹاگرام پیج بھی فعال کئے جارہے ہیں ،کچھ عرصہ قبل لاہورچڑیاگھرکا فیس بک پیج بنایا گیا تھا جو اب غیرفعال ہوچکا ہے ۔ اس مقصدکیلئے لاہورچڑیا گھرکی ایجوکیشن آفیسر یا کسی اورقابل افسرکویہ ذمہ داری عائدکی جائیگی کی وہ سوشل میڈیا پیج کو اپ ڈیٹ کریں۔

حکام نے چڑیاگھرمیں جانوروں اورپرندوں کی صحت بارے باخبررہنے کے لئے متعلقہ افسران اورعملے کا وٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دے رکھا ہے جس میں ڈی جی وائلڈلائف پنجاب ، ڈپٹی ڈائریکٹرہیڈکوارٹرز، ڈائریکٹرلاہورچڑیا گھرسمیت دیگرافسران شامل ہیں۔اس وٹس ایپ گروپ میں لاہورچڑیا گھرمیں جانوروں ، پرندوں کی افزائش ، اموات ، ان کی خوراک سمیت دیگرتمام ایشوزکوشیئرکیاجاتا ہے۔