بھارت کی پلوامہ حملے کو پاکستان سے جوڑ کر دنیا میں بدنام کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی‘امیر العظیم

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں‘ امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 16 فروری 2019 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دینا انتہائی قابل مذمت ہے، بھارت کی پلوامہ حملے کو پاکستان سے جوڑ کر دنیا میں بدنام کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، حکومت بھارت کی جارحیت اور بے بنیاد الزامات کا دو ٹوک جواب دے، محض بھارتی سفیر کو طلب کرنا کافی نہیں ، اسے ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز لاہور میںعوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے، جس نے ہمیشہ را اور دیگر خفیہ ایجنسیوں کے زریعے پاکستان کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ افغانستان میں پاکستانی سرحد کے قریب درجن سے زائد سفارت خانے بلوچستان میں اپنے تیار کردہ دہشت گرد بھجوانے کا کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کی عسکری تربیت اور ان کی ہر قسم کی مالی امداد کی جارہی ہے۔ کل بھوشن نیٹ ورک کا پکڑا جانا اس کا بڑا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کرچکا ہے۔ پیلٹ گنوں سے 15ہزار سے زائد افراد کی بینائی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چھین لی گئی ہے۔ اب تک ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے مگر عالمی برادری کی بے حسی یہ عالم ہے کہ کسی ملک کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں انتخابات قریب ہیں ۔ اس قسم کے واقعات مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ سرجیکل اسٹرائیک کی باتیں کرنے والے اپنے ہی عوام کو اس ثبوت فراہم نہیں کرسکے۔ بھارت جنوبی ایشیا میں حالات خراب کرنے کا اصل ذمہ دار ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی جنوبی ایشیا میں چودھراہٹ قائم کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

اب وقت ٓگیا ہے کہ بھارت کواسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔ حکومت پاکستان ہندوستان کے گھنائونے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ بھارتی حکمرانوں کو خطے کا امن ہضم نہیں ہورہا۔ امیر العظیم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں اور انھیں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ قائم ہے۔

سعودی شہزادے کے حالیہ دورے سے اس رشتے میں مزید مضبوطی آئے گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ تقریباً16برسوں بعد کسی بھی اعلیٰ ترین سعودی شخصیت کے دورہ کرنے سے دنیا میں اچھا تاثر جائے گااور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔ پورا پاکستان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پر تپاک استقبال کرے گا۔ سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستانی بھائیوں کی بے لوث مد د کی ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں یکجہتی کا مظاہرہ کررہی ہیں جو کہ اچھی روایت ہے۔ پوراعالم اسلام سعودی عرب کو عقیدت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔