نواز شریف کی عیادت کے لیے مریم نواز کی جناح اسپتال آمد

کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال، اسپتال کے کوریڈور میں موجود ڈاکٹر نے سلیوٹ کرکے انکو خراج تحسین پیش کیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 16 فروری 2019 19:17

نواز شریف کی عیادت کے لیے مریم نواز کی جناح اسپتال آمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری2019ء) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی جناح اسپتال آمد کے موقع پر وہاں موجود ڈاکٹر نے سلیوٹ کر کے مسلم لیگ ن کی رہنما کا استقبال کیا ،مریم نواز نے مسکراہٹ سے ڈاکٹر کی محبت کا جواب دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا جناح ہسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے اور میڈیکل بورڈ کی جانب سے ان کے مزید ٹیسٹ کرائے گئے ہیں ۔

میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی ہسپتال آمد کے موقع پر لئے گئے ٹیسٹوں کی رپورٹس پر بھی مشاورت کی ۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل نے جناح ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاصم کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جناح ہسپتال میں ہر طرح کی بیماری کا علاج موجود ہے ۔ کچھ ایسے حالات ہو سکتے ہیں جس کی وجہ سے کسی مریض کو جناح ہسپتال سے باہر بھیجنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نوز شریف کے حوالے سے اب تک جن چیزوں کی عبوری رپورٹ سامنے آئی ہے اس کے مطابق جناح ہسپتال انہیں علاج معالجے کی سہولیات کی پیشکش کرسکتا ہے ۔ نواز شریف کی پرانی ہسٹری معلوم ہونے پر تجزیہ کرنے کے بعد کچھ حتمی بتا سکتے ہیں ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے رہائی ملنے کے بعد اسلام آباد سے لاہور پہنچ کرجناح ہسپتال میں زیر علاج اپنے بھائی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی ۔

شہبازشریف کی آمد کے موقع پر کارکنوں کی جانب سے شیر شیر کے نعرے لگائے گئے جس پر شہباز شریف نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوںکو نعرے لگانے سے روکتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال ہے جلسہ گاہ نہیں ،نعرے لگا کر مریضوں کوتنگ نہ کریں ۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔

اس موقع پر مریم نواز بھی موجود تھیں ۔ ہسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نواز شریف کو مکمل صحت کاملہ دے ۔مریم نواز کے کزن میاں محسن لطیف نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی ۔اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر موجود تھی۔مریم نواز کے آنے پر بھی کارکنان کی جانب سے انکا بھرپور استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت پیش آیا جب مریم نواز جناح اسپتال کے کوریڈور میں داخل ہو رہی تھیں تو وہاں عوام کے علاوہ ڈاکٹر بھی موجود تھے۔اس موقع پر وہاں موجود ایک ڈاکٹر نے مریم نواز کو سلیوٹ کر تے ہوئے انکو خراج تحسین پیش کیا۔دوسری جانب مخالفین نے اس بات پر ڈاکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر کی جانب سے ایسی حرکت ناقابل قبول ہے۔واضح ہو کہ اس سے پہلے سروسز اسپتال میں پولیس اہلکار کی جانب سے سلیوٹ کیا گیا تھا جبکہ مریم نواز کو جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر ایس پی ارسلہ سلیم کی جانب سے سلیوٹ کیا گیا تھا جس پر مخالفین کی جانب سے خاص اعتراض کیا گیا تھا۔