شہباز شریف نے جناح ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ،والدہ سے ملاقات کیلئے رائیونڈ بھی گئے

شہباز شریف نے بڑے بھائی سے صحت کے بارے میں دریافت کیا اور انکا حوصلہ بڑھایا ،نواز شریف نے بھی رہائی ملنے پر مبارکباد دی

ہفتہ 16 فروری 2019 19:47

شہباز شریف نے جناح ہسپتال میں نواز شریف کی عیادت کی ،والدہ سے ملاقات ..
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے رہائی کے بعد اسلام آباد سے لاہور پہنچ کر جناح ہسپتال میں زیر علاج اپنے بڑے بھائی محمد نواز شریف کی عیادت کی ،اپنی والدہ سے ملاقات کیلئے جاتی امراء رائے ونڈ بھی گئے ۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریم نواز بھی موجود تھیں ۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو ضمانت منظور ہونے اور رہائی ملنے پر مبارکباد دی ۔ اپنے بڑے بھائی کی عیادت کرنے کے بعد شہباز شریف جاتی امراء رائے ونڈ پہنچے اور اپنی والدہ بیگم شمیم اختر سے ملاقات کی ۔ والدہ بیٹے کو گلے لگا کر دعائیںدیتی رہیں۔شہباز شریف نے اپنے والد میاں محمد شریف ، بھائی عباس شریف اور بھابھی کلثوم نواز کی قبروں پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی ۔