اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ زیادہ دیر ان حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے‘لیاقت بلوچ

ہفتہ 16 فروری 2019 19:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے عوام کی امیدیں اور توقعات پوری نہیں ہوسکیں،حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا،مہنگائی اور بے روزگاری کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہی ہے، عوام کی مایوسی میں دن بدن اضافہ ہورہاہے، اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ زیادہ دیر ان حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے، جماعت اسلامی مارچ میں رابطہ عوام مہم شروع کر رہی ہے،موجودہ ملکی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام میں ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانامحمدجاویدقصوری،ضلعی امیر انجینئرمحمدعظیم رندھاوا،مولانارحمت اللہ ارشد،ضلعی جنرل سیکرٹری پروفیسرملک معراج الدین،محبوب الزماںبٹ،لیاقت علی گل نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی اور چھ ماہ میں ہی حکومت کی مقبولیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی یکم مارچ سے 31 مارچ تک ملک بھر میں رابطہ عوام تحریک شروع کر رہی ہے۔ رابطہ عوام تحریک میں جماعت اسلامی کے کارکنان ڈو رٹو ڈور لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں جماعت اسلامی کے ممبر، ووٹر اور سپورٹر بنائیںگے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔ ورکرز کنونشنز میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین شرکت و خطاب کریں گے۔