کوئٹہ شہر کی بہتری اور خوبصورتی کی بحالی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کیا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 16 فروری 2019 22:15

کوئٹہ شہر کی بہتری اور خوبصورتی کی بحالی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت نے کوئٹہ شہر کی بہتری اور خوبصورتی کی بحالی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کیا ہے، عوام کی سہولت اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کی گئی ہے جس کی کامیابی کے لئے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے، تجاوزات کے خاتمے کی مہم کا مقصد لوگوں کے روزگار کو متاثر کرنا نہیں بلکہ یہ سب کے بہترین مفاد میں ہے، حکومت اس مہم میں متاثر ہونے والے سبزی فروشوں اور دیگر چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لئے مختلف مقامات پر اسٹال قائم کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوائنٹ روڈ کے دورے کے موقع پر سبزی فروشوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ کو اس موقع پر تجاوزات کے خاتمے اور جوائنٹ روڈ کی توسیع کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ سبزی فروشوں کا کہنا تھا کہ وہ شہر کی ترقی کے مخالف نہیں تاہم حکومت ان کے روزگار کے لئے متبادل انتظام کرے، انہو ں نے وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ ترقیاتی منصوبے میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ شہر یہاں بسنے والی تمام اقوام اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ہے اور اس کی بہتری بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کو منصوبے پر کام کرنے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔