تبلیغی جماعت کے معروف بزرگ مولانا محمد یعقوب سہارنپوری انتقال کرگئے

مولانا محمد یعقوب سہارنپوری مدرسہ کاشف العلوم میں 50 سال سے زائد عرصہ تک درس و تدریس کے فرائض سر ا نجام دیتے رہے آپ نے ساری زندگی دعوت و تبلیغ میں گذاری‘ دنیا بھر میں ان کے ہزاروں شاگرد بھی اسلام کی نشر و اشاعت میں مصروف عمل ہیں

اتوار 17 فروری 2019 12:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنیؒ کے شاگردِ رشید ،عالمی تبلیغی جماعت کی مرکزی شوریٰ کے رکن،ممتاز جید عالم دین اور ہندوستان کے معروف تبلیغی مرکز بستی نظام الدین اولیاء دہلی، بنگلہ والی مسجد میں قائم دینی مدرسہ کاشف العلوم کے شیخ الحدیث مولانا محمد یعقوب سہارنپوری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے (انا للہ و ان الیہ راجعون)۔

تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کی ممتاز روحانی شخصیت اور مدرسہ کاشف العلوم مرکز نظام الدین اولیاء کے استاذ الحدیث مولانا محمد یعقوب سہارنپوری طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔مولانا محمد یعقوب سہارنپوری شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی کے شاگردِ رشید اور عالمی تبلیغی جماعت کی مرکزی شوریٰ کے رکن بھی تھے۔

(جاری ہے)

مولانا محمد یعقوب سہارنپوری مدرسہ کاشف العلوم میں 50 سال سے زائد عرصہ تک درس و تدریس کے فرائض سر ا نجام دیتے رہے۔

مولانا محمد یعقوب سہارنپوری کا شمار فقیہ الامت مفتی محمود حسن گنگوہی،مولانا محمد یوسف،مولانا انعام الحسن،حاجی عبد الوہاب،مولانا سیّد سلمان حسینی ندوی،مولانا سید محمد سلمان سہارنپوری،مولانا زبیر الحسن کاندھلوی، مولانا افتخار الحسن (خلیفہ مجاز حضرت شاہ عبدالقادر رائے پوری) کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا تھا۔انہوں نے اپنی ساری زندگی دعوت و تبلیغ میں گذاری جبکہ دنیا بھر میں ان کے ہزاروں شاگرد بھی اسلام کی نشر و اشاعت میں مصروف عمل ہیں۔حضرت مولانا محمد یعقوب سہارنپوری کے انتقال کی خبر پورے ہندوستان سمیت پاکستان میں بھی بڑی تیزی کے ساتھ پھیل گئی ‘نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی-مرحوم کو اتوار کے نماز جنازہ کے بعد سپر دخاک کر دیا گیا۔